
امریکی صدارتی الیکشن کانٹے کا معرکہ، کملا ہیرس پر ٹرمپ کو برتری حاصل
شیئر کریں
کملا ہیرس وائٹ ہاؤس کی نئی مہمان یا ڈونلڈٹرمپ بنیں گے دوبارہ حکمران، سپر پاور امریکا میں سنتالیسویں صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق رات گئے تک جاری تھی ۔ سولہ کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ رائے عامہ میں دونوں امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہے تاہم رات گئے تک کی صورتحال کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو کملا ہیرس پر برتری حاصل تھی ۔ سوئنگ اسٹیٹس میں دونوں امیدواروں میں ایک یا دو فیصد سے زیادہ فرق نہیں تھا ۔ نیو ہیمپشائر میں ٹرمپ اور کملا تین تین ووٹ سے برابرتھے ۔ ارلی ووٹنگ میں آٹھ کروڑ سے زائد امریکی حق رائے دہی استعمال کر چکے ہیں ۔ فلوریڈا میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ وہ الیکشن جیت جائیں گے انہوں نے امریکی وقت کے مطابق رات نوبجے تک نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وارننگ دی کہ کہ دھاندلی ہوئی تو وہ سخت ترین کارروائی کریں گے ۔ کملا ہیرس نے پنسلوانیا میں کیفے کا دورہ کیااور ریلی سے خطاب میں اپنی کامیابی کا دعویٰ کردیا۔ واضح رہے کہ امریکا پر حکمرانی کیلئے سات سوئنگ اسٹیٹس توجہ کی حامل ہیں ، سب سے زیادہ 19الیکٹورل ووٹ رکھنے والی پنسلوانیاکی اہمیت سب سے زیادہ ہے ، ریاست جارجیا اور نارتھ کیرولینا کے سولہ الیکٹورل ووٹ ہیں ۔ وسکونسن کے 10، ایروزونا کے 11 اور نیواڈا کے 6 ووٹ ہیں۔ ادھر ایف بی آئی نے الیکشن میں روسی مداخلت کا الزام لگادیا، ایکس پوسٹ پر دھاندلی کی دو ویڈیوز جعلی قرار دے دیں ،جارجیا کے دو پولنگ اسٹیشن پر بم کی جھوٹی اطلاع پر سرچنگ کی گئی اور علاقہ کلیئر قرار دے دیا گیا ۔