میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی حکومت مہنگائی کے سونامی سے عوام کا معاشی قتل کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

پی ٹی آئی حکومت مہنگائی کے سونامی سے عوام کا معاشی قتل کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک
هفته, ۶ نومبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت ملکی تاریخ کی سب سے نالائق، ناکارہ اور نااہل حکومت ثابت ہوئی ہے اس لیے انکے نمائندے صرف اپنی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے جہاں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے جلتی پر تیل ڈال دیتے ہیں۔ لیکن لوگ ان کے(پی ٹی آئی) کے نمائندوںکے رویے، قابلیت اور حالات کو مزید خراب کرنے کیلئے صورتحال کو مزید بگاڑنے کے حربے کو جان چکے ہیں اس لیے کوئی بھی حکومتی نمائندوں کے بیانات پر توجہ دینے کی زحمت نہیں کرتا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو ضلع ملیر کے دیہات اچھر سالار میں مبینہ طور پر تشدد سے ہلاک ہونے والے ناظم جوکھیو کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزرا سعید غنی، امتیاز شیخ، ساجد جوکھیو اور ایم پی اے ریاض شاہ شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مزید 8.14 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا ہے جس سے پیٹرول کی قیمت 145.82 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ !وزیر اعظم نے ملک کے غریب عوام کو ریلیف دیا ہے۔ مزید کہا کہ آٹا، چینی، سبزیاں، دالوں، ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہیں۔ لوگ اب چکن اور گوشت کی کیا بات کریں جو بالکل خرید سے باہر ہو چکا ہے۔ یہ وہ (وزیراعظم) ہیں جو کہتے تھے کہ جب پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوجائے تو اس کا مطلب ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ میں انھیں چور نہیں کہوں گا لیکن اس نے ملک کے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی چھین کر کونسی کارکردگی دکھائی ہے؟ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس ملک کے عوام نے پی ٹی آئی کی حکومت سے اپنی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں اس لیے وہ مہنگائی کے خلاف ہونے والے ہر احتجاج میں بڑی تعداد میں عوام شریک ہو رہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں