میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
میر پور ،بھمبر اور گرد و نواح میں پھر زلزلے کے جھٹکے

میر پور ،بھمبر اور گرد و نواح میں پھر زلزلے کے جھٹکے

ویب ڈیسک
اتوار, ۶ اکتوبر ۲۰۱۹

شیئر کریں

آزاد کشمیر کے ضلع میر پور ،بھمبراور اس کے گرد و نواح میں گزشتہ شب اور اتوار کی صبح پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ گزشتہ شب تین بجے اور اتوار کی صبح 10بجکر 28 منٹ پر زمین ایک بار پھر لرز اٹھی ۔ ایک دومنزلہ عمارت گرنے کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میر پور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ گزشتہ ماہ آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ اب تک جاری ہے ۔ابھی آزاد کشمیر کے شہری گزشتہ ماہ کے زلزلے کی تباہی اور نقصانات سے نکلے ہی نہیں تھے کہ میر پور شہر اور اس کے گرد و نواح میں گزشتہ شب اور اتوار کو صبح پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔زلزلے کے آتے ہی علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں اور دکانوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر کھلی جگہوں پر نکل آئے ۔مقامی افراد کے مطابق زلزلے کے یہ جھٹکے صبح 10بج کر 28منٹ پر محسوس کیے گئے جن کا دورانیہ 2تا 3سیکنڈ رہا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 24ستمبر کوآزاد کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 5اعشاریہ 8شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی گہرائی زیرِ زمین 10کلو میٹر تھی۔زلزلے سے آزاد کشمیر کے علاقے میر پور اور جہلم کا درمیانی علاقہ جاتلاں سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا، ان علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں 3درجن سے زائد افراد جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہوئے تھے جبکہ عمارات اور دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔یاد رہے کہ 8اکتوبر 2005 کی صبح آزاد کشمیر میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں 80ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ڈیڑھ لاکھ کے قریب زخمی ہو گئے تھے ، زلزلے کا مرکز مظفرآباد سے 20کلومیٹر شمال مشرق میں تھا اور اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7اعشاریہ 6ریکارڈ کی گئی تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں