پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑرہا ہے، شاہد خاقان عباسی
شیئر کریں
مری(بیو رو رپورٹ) وزیر اعظم شاہد خاقان عبا سی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے ٗ ملک کا دفاع کر نا جانتے ہیں ٗ دہشتگردی کی خلاف جنگ میں ہزاروں قربانی دی ہیں ٗہمیں ان قربانی سے رہنمائی حاصل کر نے کی ضرور ت ہے ٗ جمہوری اقدار کی مضبوطی کے ذریعے قوم کو درپیش مسائل حل کیے جائیںگے ٗ کوئی بھی ادارہ اساتذہ کی ترقی کے بغیر اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکتا۔وہ جمعرات کو لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے 157 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کالج میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے 20کروڑ روپے کے فنڈز کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ کالج انتظامیہ اساتذہ کی فلاح وبہبود کیلئے فنڈ قائم کرے جس میں حکومت بھی مدد فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج ملک کو مختلف مسائل درپیش ہیں، مگر اللہ کا کرم ہے کہ ہمارا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جن کو دنیا میں عزت اور وقار کی نظر سے دیکھا جاتاہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط کیاجائے اور ہم ان کے ذریعے ہی ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اور ہم نے اپنی محنت سے یہ طاقت حاصل کی ہے، ہم ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑرہا ہے جس کیلئے ہزاروں قربانیاں دی گئی ہیں، قربانیاں دینے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ ملک پر قربان کیا اور آج بھی کررہے ہیں، ہمیں ان کی قربانیوں سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ لارنس کالج سے میری خوشگوار یادیں وابستہ ہیں اور کالج کا شمار ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہو تا ہے۔انہوں نے کہاکہ کالج میں زیر تعلیم طلباء خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ آج ان کی تعلیم کا ایک اور سال مکمل ہوا جو ان کے والدین کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے طالب علموں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ 42 سال پہلے میں بھی وہاں کھڑا تھا جہاں آج آپ کھڑے ہیں اور وہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔ انہوں نے کہاکہ کالج کے یوم تاسیس میں بطور مہمان خصوصی شرکت میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ کالج کے ایک سابق طالب علم اجمل خان کالج کی ہر ٹیم کے کپتان ہوتے تھے جو بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ لارنس کالج ایکسیلینسی کا نام ہے جہاں پر تعلیم پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ اسپورٹس پر بھی بھر پور توجہ دی جاتی ہے۔ وزیرا عظم نے مختلف شعبہ جات میں اعزاز حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ اس سال قائد اعظم شیلڈ کے ونر خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) مجاہد عالم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کالج کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔