میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
یوم دفاع ہمیں شہدا کے لازوال کارناموں کی یاد دلاتا ہے ،سربراہ پاک بحریہ

یوم دفاع ہمیں شہدا کے لازوال کارناموں کی یاد دلاتا ہے ،سربراہ پاک بحریہ

ویب ڈیسک
جمعه, ۶ ستمبر ۲۰۱۹

شیئر کریں

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ 6ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے ۔ یہ دن ہمیں شہدااور غازیوں کے لازوال کارناموں کی یاد دلاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ان جواں مردوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی بے مثل شجاعت و دلیری سے نئی داستانیں رقم کیں۔یوم ِدفاع کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6ستمبر 1965 کے دن ہماری بہادر مسلح افواج نے لازوال جرات اور عزم کے ساتھ زمین، فضا اور سمندر تینوں محاذوں پر دشمن کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملایا۔پاکستان نیوی نے عددی لحاظ سے کم ہونے کے باوجود اپنی جرات مندانہ جنگی حکمتِ عملی اورپیشہ ورانہ قابلیت کے ذریعے دشمن کو ان ہی کے پانیوں میں کاری ضرب لگائی۔ پاک بحریہ کے آپریشن سومنات کے دوران بے مثال بہادری سے دوارکا میں قائم بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا گیا۔آبدوز غازی نے بھارتی بحری جنگی بیڑے کے جہازوں کو بھارتی پانیوں میں محبوس اور بھارتی طیارہ بردار جہاز کو جنگی منظر نامے سے دور رکھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے ایئر کرافٹ نے بھارت کی جدید ترین اسکارپین کلاس آبدوز کا سراغ لگایا، اس کا پیچھا کیا اور اسے پاکستانی پانیوں سے باہر جانے پر مجبور کیا ۔دشمنوں کے دلوں پرلرزہ طاری کرنے اور ہمیں ثابت قدم رکھنے میں نصرتِ الہی پر ہم اللہ سبحان و تعالی کے حضور سربسجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے پلوامہ واقعہ کے بعد اپنی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ قوت کا بھر پور مظاہرہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے آفیسر ز اور جوان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ عز م کرنا ہے کہ ہم پاکستان کوایک خوشحال اوراسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے انتھک محنت کریں گے ،پاکستان نیوی کا ہر آفیسر، ہرسیلر اور ہرسویلین مادر وطن کی سمندری سرحدوں اور ساحلوں کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتا ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں