تحریک انصاف نے روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف سند ھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی
شیئر کریں
مسلمانوں پر مظالم پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوس ناک ہے، اتحادی ممالک کی فوج کے سربراہ راحیل شریف کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے،خرم شیرزمان
پاکستان تحریک انصاف نے روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف سند ھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی ہے ۔منگل کو پی ٹی آئی کے ارکان خرم شیر زمان ،ثمر علی خان اور ڈاکٹرسیما ضیا کی جانب سے سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میںروہنگیا کے مسلمانوں پر لرزہ خیز مظالم کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے ۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ مذمتی قرارداد صرف تحریک انصاف کی نہیں پوری دنیا کی آواز ہے۔روہنگیا مسلمانوں پر مظالم پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوس ناک ہے۔مسلمان اتحادی ممالک کی فوج کے سربراہ راحیل شریف کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس طلب کیا جائے۔اس موقع پر ڈاکٹرسیما ضیا نے کہا کہ برما اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔1948 میں برما نے رنگ ونسل میں تفریق نہ کرنے کے چارٹر پر دستخط کئے ہیں۔