عمران خان کی گرفتاری کا پاکستان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، مریم اورنگزیب
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا پاکستان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مقدمہ عدالتوں میں رہا اور قانون کے تمام مقررہ مراحل پورے کیے گئے، مقدمہ تفتیش کے تمام مراحل اور ٹرائل کے عمل سے بھی گزرا پھر ٹرائل کورٹ نے فیصلہ دیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص جو اپنے دفاع میں شہادت پیش کرنے میں ناکام رہا اس پر الزامات تھے کہ وہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتا رہا، مزید 4 مقدمات بھی ہیں جو ٹرائل کورٹس میں ہیں جن میں سے ایک کیس 19 کروڑ برطانوی پاؤنڈ سے متعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک مقدمہ ہے جو پایہ تکمیل کو پہنچا ہے جس میں ٹرائل کورٹ نے اپنا فیصلہ دیا، ایک کیس سائفر سے متعلق، ایک 9 مئی اور ایک بیرونی فنڈنگ کا کیس ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص نے 15 ماہ قانون سے فرار اختیار کیا پھر اس کے خلاف عدالت نے فیصلہ کیا، کسی شک و شبہ کے بغیر بددیانتی ثابت ہونے پر عدالت نے اپنا فیصلہ دیا۔