نوابشاہ: ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ 30 مسافر جاں بحق،50 سے زائد زخمی
شیئر کریں
سندھ کے ضلع نوابشاہ میں ہزارہ ایکسپریس کی 10کے قریب بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجہ میں جاں بحق مسافروں کی تعداد 30 ہو گئی ہے جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق 80 کے قریب افراد زخمی ہو گئے ہیں، ڈی ایس ریلوے محمود الرحمن کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، بچے اور مرد شامل ہیں۔ جاں بحق افراد کی نعشوں اورزخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، ہسپتالوں مین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ترجمان پاکستان ریلویز کراچی کے مطابق بریک دیر سے لگنے کی وجہ سے حادثے نے شدت اختیار کی، حادثہ کا شکار ہونے والی ٹرین کراچی سے حویلیاں جارہی تھی۔ ٹرین حادثہ کے بعد ریلوے ٹریفک کو معطل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نقصان کا اندازہ ابھی نہیں لگایا جاسکتا، چند گھنٹوں میں مشینوں کی مدد سے متاثرہ بوگیوں کو اٹھالیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواب شاہ حادثے کاعلم ہے، ہم اسی کام پر لگے ہوئے ہیں، سیکریٹری ریلوے اس وقت نواب شاہ میں کام کر رہے ہیں۔