حکومت نے ملک آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے، آفاق احمد
شیئر کریں
آفاق احمد نے بجلی کی قیمتوں میںایک بار پھر اضافے کو عوام کے خلاف بربریت سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ڈر ہے کہ اشرافیہ کا مراعات کا نہ روکنے والا سلسلہ اور عوام پر مہنگائی اور ٹیکسزکے بوجھ ملک کو خونی انقلاب کی طرف نہ دھکیل دے ۔آ فاق احمد نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ نے ملک اور اسکے وسائل پر قبضہ کر کے اسے 25کروڑ عوام کی جیل بنادیا ہے جہاں انہیں غلام سمجھ کر انکا خون نچوڑ کر اپنی آسائشوں کا ایندھن بنایا جارہا ہے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ اسمبلیوں کے ٹھنڈے ایوانوں میں بیٹھے مراعات یافتہ عوامی نمائندوں کو اپنی تنخواہیں اور مراعات میں اضافہ کرنے پر شرم آنی چاہیے۔آفاق احمد نے کہا کہ حکومت نے اپنی عیاشیوں کیلئے قرضے لے کر ملک عملاًIMFکے حوالے کردیا ہے، حکومت کوچاہیے کہ مستعفی ہوکر ملکIMFکے حوالے کرنے کا باقائدہ اعلان کردے۔ آفاق احمد کہا کہ جو سیاسی ومذہبی جماعتیں عوام کو حکومت کے مظالم سے نجات دلا نا چاہتی ہیںانہیں وقتی طورپر اپنے سیاسی اور نظریاتی اختلافات پس پشت ڈال کرسر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور مشترکہ جدوجہد کی طرف قدم بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کانفرنس اس سلسلے میں مؤثرثابت ہوئی ہے، دوسری نشست میں مشترکہ جدوجہد کیلئے کمیٹی کا قیام ایک اور سنگ میل ثابت ہوگا،ہم عوام کوحالات کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑینگے۔