سکیورٹی فورسز کا آپریشن، میجر شہید،3دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار
شیئر کریں
ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران میجر میاں عبداللہ شاہ شہید ہو گئے جبکہ 3دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 جولائی کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ دہشت گردوں کے فرار کے راستوں کو بند کرنے کے لئے ناکہ بندیوں کے قیام کا کام جاری تھا کہ دہشت گردوں کے ایک گروہ کو میجر عبداللہ نے دیکھا۔ میجر عبداللہ شہید اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں قوم کے بہادر 33 سالہ فرزند میجر میاں عبداللہ شاہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ میجر میاں عبداللہ کا تعلق کوہاٹ سے تھا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ تین دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کومبنگ آپریشن جا ری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔