میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی سمیت ملک بھرمیں طوفانی بارشیں، 15افرادجاں بحق

کراچی سمیت ملک بھرمیں طوفانی بارشیں، 15افرادجاں بحق

ویب ڈیسک
بدھ, ۶ جولائی ۲۰۲۲

شیئر کریں

ملک کے کئی چھوٹے بڑ ے شہروں میں منگل کے روزموسلادھاربارش کاسلسلہ جاری رہا، جبکہ کراچی میں بھی بادل برس پڑے ،شہرقائدکے مختلف علاقوں میں منگل کی دوپہرکوشروع ہونے والی ہلکی وتیزبارش کاسلسلہ جاری رہاہے ۔کراچی میں بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 200 فیڈرز ٹرپ کرگئے اور شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس مسرور پر 16 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ بیس فیصل پر 11، ڈی ایچ اے 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اولڈ ایئر پورٹ 6.2 ،ناظم آباد 6،اورنگی ٹائون 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جناح ٹرمینل 3.6 ، یونیورسٹی روڈ 0.5 ،سعدی ٹائون 0.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،بارش کے باعث پھلسن کے سبب متعدد موٹرسائیکل سوارپھسل کرزخمی ہوگئے ،ادھربلوچستان میں کے مختلف شہروں میں بارشوں کے سبب حادثات کے نتیجے میں تاحال 15 سے زائد افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے، بلوچستان حکومت نے کوئٹہ شہر کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی۔اطلاعات کے مطابق پنجاب بھر کی طرح بلوچستان میں بھی شدید بارشیں ہوئی ہیں، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے جاری بارش نے تباہی مچادی ہے جس سے کوئٹہ، خضدار اور آواران زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔امدادی ذرائع کے مطابق بارشوں کے سبب دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے مختلف واقعات و حادثات میں اب تک 15 افراد جاں بحق اور 20زخمی ہوچکے ہیں۔ ہزار گنجی سمیت گوہر آباد میں متعدد گاڑیوں سمیت مقامی لوگ بھی ریلے میں بہے گئے جنہیں ریسکیو کر لیا گیا تھا، کوئٹہ میں سریاب ہزار گنجی کلی گوہر آباد سمیت سریاب کے مختلف علاقوں میں کچے مکانات منہدم ہوگئے، مشرقی بائی پاس پشتون ڈیم نالہ سے ایک شخص کی لاش بھی ملی۔دریں اثنا بارش کے سبب کوئٹہ میں بجلی کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کرگئے اور شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ ترجمان کیسکو کے مطابق انٹرکنکٹر کلی عمر سمیت فیڈرز کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا، پانچ جزوی فیڈرز کی بجلی بھی جلد بحال ہو جائے گی، کوئٹہ میں گزشتہ روز کی بارشوں کے بعد 35 فیڈرز کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ادھرجڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث کئی علاقے میں پانی میں ڈوب گئے ،گھروں میں پانی داخل ہو گیا،سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثرہوئی،کورنگ نالے سے 4 بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا ۔اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی ، مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ، ایچ 13 سیکٹراور ترنول سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گلیوں اورگھروں میں داخل ہوگیا۔اسلام آباد میں تھانہ بنی گالہ کی حدود کورنگ نالے کے پانی میں پھنسے 4 بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ بچوں کو بحفاظت ریسکیو کیے جانے کے بعد گھروں پر پہنچا دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں