میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نواز شریف ،آصف زرداری سے ناراض

نواز شریف ،آصف زرداری سے ناراض

ویب ڈیسک
منگل, ۶ جون ۲۰۲۳

شیئر کریں

پنجاب میں الیکٹیبل کی سیاسی منڈی،پی پی
شریک چیئرمین نے و فاق پر نظریں گاڑ دیں
لاہور (خصوصی رپورٹ: باسط علی) پنجاب میں آصف علی زرداری کی سیاسی سرگرمیوں پر نواز لیگ کے قائد نواز شریف ناراض ہو گئے ہیں۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق نوازشریف ، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی سرگرمیوں کو مستقبل کے سیاسی نقشے کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں جو بے پناہ دولت کے استعمال کے ساتھ خرید وفروخت کے ذریعے سیاسی کھیل کو اُلٹ پلٹ کرنے کی نہ صرف صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ پی ڈی ایم کی کسی بھی دوسری جماعت کے مقابلے میں اسٹیبلشمنٹ کے زیادہ قریب سمجھے جاتے ہیں۔ سیاسی جادوگر آصف علی زرداری نے ان دنوں پنجاب میں الیکٹ ایبلز کی سیاسی منڈی لگا لی ہے جن کے ذریعے وہ اگلے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے وفاق میں حکومت سازی کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ دوسری طرف اسٹیبلشمنٹ کے موجودہ بندوبست کی کاریگری دکھانے والے نوازشریف اس امر سے پریشان ہیں کہ پلڑا زرداری کے حق میں جھکنے سے وہ اگلے سیاسی کھیل میں مرکزی متن سے سیاسی حاشیے میں دھکیلے جاسکتے ہیں۔ یہ امر اس لیے بھی پریشان کن ہے کیونکہ موجودہ پی ڈی ایم کے حکومتی بندوبست میں عوامی نفرت کا سب سے بڑا نشانا پیپلز پارٹی کے بجائے نواز لیگ ہے۔ پیپلزپارٹی نے انتہائی مہارت سے موجودہ غیر مستحکم اور غیریقینی بندوبست نون لیگ کے حوالے کرکے خود کو نفع بخش وزارتوں میں محدود رکھ کر عوامی نفرت کا طوفان اپنی جانب ہونے سے روکے رکھا ہے۔اس مہارت کے پیچھے حکمت عملی اگلے سیاسی بندوبست میں اپنی سیاسی پوزیشن کو پنجاب میں بہتر کرنا ہے۔ جس کا امکان پی ٹی آئی کی موجودہ توڑ پھوڑ سے زیادہ قوی ہوتا چلا جارہا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق بندوبستی قوتوں نے پی ٹی آئی سے علیحدہو نے والوں کو کسی جماعت میں جانے کے بجائے ایک الگ شناخت کے ساتھ باقی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چنانچہ پنجاب میں ایسے الیکٹ ایبلز جو پی ٹی آئی چھوڑنے کے بعد نون لیگ کے لیے قابل قبول ہو سکتے تھے، اور مذکورہ الیکٹ ایبلز کے لیے نون لیگ ہی پنجاب میں ایک بہتر آپشن ثابت ہوسکتی تھی، اُنہیں بھی نون لیگ میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔ دوسری طرف پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کو مکمل آزادی دی گئی ہے کہ وہ جنوبی پنجاب سے الیکٹ ایبلز کے نام پر دوڑنے والے گھوڑوں کو سِدھاتے ہوئے اپنے سیاسی اصطبل میں باندھ سکیں۔ اس کھیل کے اثرات مستقل میں وفاقی حکومت پر کیا پڑ سکتے ہیں اس سے تین بار وزیراعظم رہنے والے نوازشریف بے خبر نہیں ہوسکتے۔ چنانچہ اب یہ آوازیں نون لیگ سے سنائی دے رہی ہے کہ نون لیگ کو سندھ میں فعال کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زرداری کی موجودہ سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی منڈی لگانے کے عمل نے نون لیگ کے لیے یہ بھی مسئلہ کھڑا کردیا ہے کہ عمران خان کے باب کو سمیٹنے میں آنے والی دشواریوں کے باعث اگر انتخابات کو کچھ عرصے کسی بھی وجہ سے موخر کرنا پڑے تو زرداری کی سیاسی جماعت اس کی مزاحمت بھی کر سکتی ہے، کیونکہ وہ انتخابات کو موجودہ بندوبست میں اپنے بھاؤتاؤ کی سیاست کے لیے زیادہ سازگار سمجھ سکتے ہیں، ایسی صورتِ حال میں پیپلزپارٹی پی ڈی ایم اتحاد میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔ انتہائی باخطر ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی پنجاب میں جاری سیاسی سرگرمیاں نون لیگ کے حلقوں میں پی ٹی آئی کے مقابلے میں زیادہ پریشان کن سمجھی جانے لگی ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں