
برنس روڈ کی گلیوں میں چھینا جھپٹی کی وارداتیں بڑھ گئیں
شیئر کریں
سورج ڈھلتے ہی سندھ سیکریٹریٹ کی پچھلی گلیوں میں راہگیروں سے لوٹ مار معمول بن گیا
آرام باغ پولیس لوٹ مار کی وارداتیں روکنے میں ناکام ،علاقہ مکینوں میں اشتعال پھیلنے لگا
کراچی کے قدیم علاقے برنس روڈ پر مسلح افراد کی لوٹ مارکے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ،سورج غروب ہوتے ہی سندھ سیکریٹریٹ کی عقبی گلیوں میں جہاں شام کو آمد و رفت نسبتا کم ہو جاتی ہے مسلح لیٹرے سرگرم ہو جاتے ہیں گزشتہ شب موٹر سائیکل سوار فیملی سمیت نصف درجن سے زائد افراد سے رقم موبائل فونز اور دوسرا سامان گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا علاقہ مکینوں کے مطابق مسلح ملزمان لوٹ مارکے بعد باآسانی فرار ہو جاتے ہیں برنس روڈ کی جن گلیوں میں لوٹ مارکے واقعات بڑھ گئے ہیں وہ تھانہ آرام باغ کی حدود میں آتے ہیں پولیس لوگوں کو لوٹ مار سے بچانے میں ناکام ہو گئی ہے جس پر علاقہ مکینوں میں اشتعال پایا جاتا ہے انھوں نے آئی جی سندھ پولیس سے درخواست کی ہے کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا نوٹس لیا جائے اور آرام باغ پولیس کو ملزمان کو فوری گرفتار کر نے کے احکامات جاری کیے جائیں ورنہ علاقے کے لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائینگے