پاکستان میں سیاسی قوتیں مل کر سیاسی استحکام کی کوشش کریں، چینی وزیر خارجہ
شیئر کریں
چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی قوتیں مل بیٹھ کر سیاسی استحکام لائیں۔اسلام آباد میں چوتھے پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات ہوئے۔ چینی وزیر خارجہ چن گانگ دفتر خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا۔مذاکرات کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے چینی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ میں باہمی مذاکرات کے فوری بعد آج چوتھا اسٹریٹجک ڈائیلاگ ہوا، چین نے ہمارے قومی معاملات بشمول کشمیر پر ہماری حمایت کی، ہم نے باہمی تعاون کے تمام کثیر الجہتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا، سی پیک پاک چین و عالمی سرمایہ کاروں سب کے لئے مفید منصوبہ ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کے مقابلے اور بلاک کی سیاست کا مخالف ہے، پاکستان تائیوان، سنکیانگ، تبت اور ساؤتھ چائنہ سمندر سمیت تمام معاملات پر چین کی حمایت کرتا ہے ، آج کے مذاکرات میں افغانستان میں امن کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اعلی سطح رابطے پاکستان اور چین کے درمیان اہم معاملات پر باہمی مشاور ت کا حصہ ہیں, آج مذاکرات میں تعاون کے فروغ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان سہ فریقی فورم کے ذریعہ مسائل پر بات چیت اور ان کے حل کی تلاش کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ افغانستان سے دہشت گردی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے، افغانستان کے وسائل کو اس کے عوام کی بھلائی کے لیے استعمال کیا جانا چاہئے ، ہم تینوں فریق سیکیورٹی تحفظات اور ان کے حل پر سہہ فریقی مذاکرات میں بات چیت کریں گے، پر امید ہوں کہ سہہ فریقی مذاکرات سے ہم آگے بڑھیں گے اور خوشحالی کا راستہ اپنائیں گے۔