جہانگیر ترین، علیم خان کا مقصد فائدہ اٹھانا تھا، عمران خان کا اپنے پرانے ساتھیوں پر الزام
شیئر کریں
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے پرانے ساتھیوں پر الزام عائد کیا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آ کر فائدہ اٹھانا تھا، علیم خان راوی پر 3 سو ایکڑ زمین خرید کر لیگل کرانا چاہتے تھے، وہاں سے ہمارے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں، جہانگیر ترین کا مسئلہ چینی بحران تھا، جس پر کمیشن بھی بنایا، پارلیمنٹ میں اکثریت ملے گی تو ہی اقتدار میں آؤں گا۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ سوائے ایک دو چینلز کے حکومت نے میڈیا پر پورا کنٹرول کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم تب تباہ ہوتی ہے جب چھوٹے چور پکڑ لیں اور بڑے کو چھوڑ دیں، علیم خان مجھ سے توقع کرتے تھے کہ میں ان کی زمین لیگل کرا دوں۔ عمران خان نے کہا کہ علیم خان راوی پر 3 سو ایکڑ زمین خرید کر لیگل کرانا چاہتے تھے، وہاں سے علیم خان اور میرے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا مسئلہ چینی بحران تھا، جس پر کمیشن بھی بنایا، اداروں میں کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہیں۔ سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمارے اداروں میں وہ لوگ بیٹھے ہیں جو ان کا ساتھ دیتے ہیں، اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے ہم کوئی قانون سازی نہیں کر سکتے تھے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اکثریت ملے گی تو ہی اقتدار میں آؤں گا۔ عمران خان نے کہا کہ امریکا کو اب پاکستان میں جی حضوری کرنے والے مل گئے، امریکا کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار لوگ مارے گئے۔