میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لانگ مارچ خوفناک ، اورگھمبیر ہو سکتا ہے ،نتائج الٹے پڑ سکتے ہیں‘شیخ رشید

لانگ مارچ خوفناک ، اورگھمبیر ہو سکتا ہے ،نتائج الٹے پڑ سکتے ہیں‘شیخ رشید

ویب ڈیسک
جمعه, ۶ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لانگ مارچ خوفناک ،تشویشناک اورگھمبیر ہو سکتا ہے ، اس کے نتائج الٹے پڑ سکتے ہیں ،اگر حالات خراب ہو گئے تو عمران خان کے بس کی بھی بات نہیں ہوگی ، حکومت کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ٹھینگا ملا ہے ،عمران خان نے 15مئی کو فیصل آباد میں گرفتاری دینے سے روک دیا ہے ۔ اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ میںنے تو مارچ میں کہا تھاکہ ہماری حکومت کیلئے مسائل ہیں کیونکہ مجھے پتہ تھا کہ نواز شریف سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں، میں اندر سے با خبر تھااور عمران خان کو بھی سارے معاملات کاعلم تھا۔جس بیہودہ طریقے سے سامراجی منصوبہ بندی کی گئی اور امپورٹڈحکومت لائی گئی ہے اس سے عمران خان کو سیاسی طو رپر زندہ کر دیا گیا ہے ، عمران خان کی سیاسی پوزیشن آج سے 21روز پہلے ایسی نہیں تھی جو آج ہے ،لوگوں نے اسے غیرت کا ،حمیت کااور پاکستان کی خود داری کاسوال بنادیا ہے اور اسے غیرتمند لیڈر ڈیکلئر کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوںکوسعودی عرب اور متحد ہ عرب امارات سے ٹھینگا ملا ہے ،وہاں سے کچھ نہیں ملا ۔یہ دو ووٹوں کی اکثریت والی حکومت ہے ،کل سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ الگ ہو جائیں توان کی حکومت ختم ہے ،باپ پارٹی ، ایم کیو ایم ،جی ڈی اے کے دوتین ممبر الگ ہو جائیں تو یہ حکومت ختم ہے ، یہ غلام حکومت ہے انہیں جیسا کہا جائے گا یہ ویسا ہی کریں گے۔ میں ساری قوم سے کہتا ہوںکہ انتخابات کی تیاری کر لیں اس کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات خراب ہو گئے تو نہ عمران خان کے بس کی بات ہے ، جو لوگ سارا ملبہ فوج پر ڈال رہے ہیں ایسا مت کریں ، فوج پاکستان کا بہت عظیم اوربہت حساس ادارہ ہے ، اس کی بہت قربانیاں ہیں۔ غلط طریقے سے سامراج اور عالمی قوتوںنے منصوبہ بنایا لیکن وہ الٹ ہو گیاہے اور عمران خان پہلے سے بڑا لیڈر بن کر نکل آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرا سیاسی تجزیہ ہے کہ لانگ مارچ خوفناک ہو سکتا ہے ،تشویشناک ہو سکتا ہے،گھمبیر ہو سکتا ہے ، اس کے نتائج الٹے پڑ سکتے ہیں ، حکومت پھنس گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے بھتیجے کی سعودی عرب میں تحقیقات ہوئی ہیں اور کچھ ثابت نہ ہونے پر اس کا خروج لگایا گیا ، وہ وہاں پر تھا ہی نہیں، اگر کوئی (ن) لیگ کا رہنما کہہ دے راشدشفیق وہاں تھا تو میں ذمہ دار ہوں ۔ میر ے سعودی وزیر داخلہ سے ذاتی تعلقات ہیں میں نے اپنے بھتیجے کیلئے کوئی فون نہیں کیا ، جب میرا بھتیجا جہاز میں بیٹھ گیا اورانہیں یہاں پتہ چل گیا کہ وہاں تفتیش میں اس پر کچھ ثابت نہیں ہوا تو دو گھنٹے بعد یہاں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ،میںتو چاہتا ہوں اس کی ٹریننگ ہو جائے اور وہ مہینے دو مہینے اندر رہے ۔انہوں نے اپنے گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ میں اس کے لئے تیار ہوں، انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ عابد شیر علی کے مطابق اس پر قتل کے اٹھارہ مقدمے ہیں، جس پولیس افسر نے اس حوالے سے ویڈیو جاری کی ہے اگر کسی کے پاس وہ ہے تو مجھے دیںمیں اسے لے کر سپریم کورٹ جائوں گا، میں 15مئی کو گرفتاری دینا چاہتا تھا لیکن عمران خان نے مجھے اس سے روک دیا ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں