اسپیشل ٹرینیں چلانے میں تاخیرسے ٹرانسپورٹ مافیاکی چاندی
شیئر کریں
(رپورٹ:شعیب مختار) اپنوں میں عید منانے والوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، عید الفطر پر اسپیشل ٹرینیں چلائے جانے سے متعلق کسی قسم کا فیصلہ نہ کیا جا سکا، این سی او سی کی سخت شرائط نے ریلوے انتظامیہ کو تذبذب کا شکار کر دیا۔ٹرانسپورٹ مافیاکی جانب سے شہریوں سے اضافی کرایوں کی وصولی جاری۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے چند روز قبل کوئٹہ سے راولپنڈی،کراچی سے پشاور اور کراچی سے لاہور تک تین اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں 70 فیصدبکنگ کو ضروری قرار دینے کی حکمت عملی مرتب کی گئی تھی، تاہم نیشنل کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق سخت ہدایات ملنے پر ریلوے انتظامیہ نے رواں سال عید پر ٹرینیں چلانے کا فیصلہ منسوخ کر دیا ہے۔تمام تر صورتحال کا فائدہ اٹھانے کے لیے ٹرانسپورٹ مافیا نے شہریوں سے اضافی کرایوں کی وصولی شروع کر دی ہے جس پر انتظامیہ کی جانب سے آنکھیں موند لی گئیں ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میٹھی عید کے قریب آ تے ہی ٹرانسپورٹر ز نے ریٹ لسٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے کرایوں کی مد میں میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے جس پر انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حالیہ دنوں ریلوے انتظامیہ کی جانب سے عید پر اسپیشل ٹرینیں نہ چلائے جانے پر شہریوں کی جانب سے
بسوں میں سفر کرنے کو ترجیح دی جا رہی ہے جس کا بھر پور فائدہ ٹرانسپورٹر مافیا کی جانب سے اٹھایا جا رہا ہے اور وہ دن دیہاڑے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے میں مصروف ہے۔