پی آئی اے کو فروخت کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں،خواجہ سعد رفیق
ویب ڈیسک
جمعرات, ۶ اپریل ۲۰۲۳
شیئر کریں
وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے واضح کیا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کو فروخت کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، ادارے کی تنظیم نو کی جارہی ہے،ماضی میں غلط مقامات پر ایئرپورٹس بنانے پر اربوں روپے ضائع کئے گئے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے ہوائی اڈوں کو آئوٹ سورس کیا جا رہا ہے، بہترین عالمی آپریٹرز کو مدعو کیا جائے گا جس کے لئے اشتہار آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اربوں روپے غلط مقامات پر ایئرپورٹس بنانے میں ضائع کئے گئے، مظفر آباد اور لاڑکانہ کے ایئرپورٹس کے لئے غلط جگہیں منتخب کی گئیں، مظفر آباد کے ایئرپورٹ پر جہاز نہیں اتر سکتا، لاڑکانہ ایئرپورٹ موہنجوداڑو کے ساتھ بنایا گیا جہاں بڑے جہازوں پر پابندی ہے، یونیسف نے قدیم تہذیب کے پیش نظر لاڑکانہ ایئرپورٹ پر پابندی عائد کی۔