پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر
شیئر کریں
پنجاب میں سیاسی بحران برقرار ہے اور صوبائی اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک کیلئے موخر کردیا گیا ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بروز ( بدھ ) کو ہونا تھا لیکن اب 16 اپریل کی صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس موخر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 16 اپریل صبح ساڑھے گیارہ بجے دوبارہ طلب کرلیا ہے۔گزشتہ اجلاس میں ہونے والی توڑپھوڑ کو اس فیصلے کی وجہ بتایا گیا ہے۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق ایوان اور لابی میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کے لیے اجلاس تاخیر کا شکار ہوا۔ نقصان پہنچنے والی اشیا کی مرمت کے لیے وقت درکار ہے جس کے لیے اجلاس کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔ ادھر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہاہے کہ عمران نیازی آئین پاکستان اورسسٹم کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کا راستہ روکنا ہوگا وگرنہ آئین و قانون کا جنازہ نکل جائے گا، چودھری پرویز الہی ہوش کے ناخن لیں، ملک میں آئین و قانون ہو گا توسب عزت کے ساتھ رہ سکیں گے۔حمزہ شہباز نے ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین بڑی محنت سے بنا ہے، جب آئین ٹوٹتا ہے تو پھر بنانا ری پبلک وجود میں آتی ہے، چند ماہ میں ڈالر 8 روپے بڑھ گیا ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بیرونی قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے، اسٹاک ایکسچینج زمیں بوس ہو چکا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ ملک اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کا بھی اتنا ہی ہے جتنا ہمارا ہے، آئی ایم ایف سوچ رہا ہے کہ کس سے بات کریں؟ آج ملک ایک دوراہے پر کھڑا ہے،سیکریٹریٹ کا عملہ حملہ آوروں کا تماشہ دیکھتا رہا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نمبرز پورے تھے، چودھری پرویزالٰہی کے پاس نمبرز ہوتے تو وہ کیوں اجلاس ملتوی کرتے؟ وہ آئین ، قانون اور اخلاق کی دھجیاں اڑانے کے ماہر ہیں، عوام آج کل ہیجانی کیفیت کا شکار ہیں۔