
بلوچستان، خضدار کی تحصیل نال بازار میں دھماکا، 4افراد جاں بحق
شیئر کریں
دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا ،جسے کار کے پاس کھڑی کرکے اڑا دیا گیا
امن دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی ناکام ہوں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال بازار میں دھماکا ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق نال پولیس تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) بہاول خان نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا اور موٹر سائیکل کو کار کے پاس کھڑی کرنے کے بعد اسے دور سے اڑا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر موجود ہے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہا ہے ۔قبل ازیں، خضدار پولیس کا مزید کہنا تھا کہ زخمیوں کو نال اور خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔تاہم، ریسکیو سروس ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق دھماکے میں 5افراد جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں، مزید کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے ۔خضدار کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جاوید زہری نے بتایا کہ دھماکا بازار کے قریب ایک کالج کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں بھی جل گئیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک بیان میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے احکامات دیے ۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو ہر صورت میں ختم کیا جائے گا، امن دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے اور اس واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔شاہد رند نے کہا کہ دہشت گرد عناصر عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، بزدلانہ کارروائیاں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے ۔