کراچی سینٹرل جیل کے اندر سے شہری لاپتا
شیئر کریں
سندھ ہائیکورٹ میں سینٹرل جیل کراچی سے رہا ہونے والے شہری طاہر زمان کی گمشدگی کا انکشاف ہوا ہے۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں لاپتاافراد کے کیس میں ایس پی انوسٹی گیشن نے عدالت میں بیان دیا کہ شہری طاہر زمان ضمانت پر رہائی کے بعد سینٹرل جیل سے باہر ہی نہیں آیا۔ لگتا ہے جیل کے اندر سے شہری کو کسی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن نے عدالت کو بتایا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اور انتظامیہ تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی۔ عدالت جیل سپرنٹنڈنٹ کو بلا کر پوچھ سکتی ہے۔جیل کے اندر سے شہری کی گمشدگی پر عدالت جیل انتظامیہ پر برہم ہوگئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ یہ بات درست ہے تو ہم جیل سپرنٹنڈنٹ کو بلائیں گے، نہیں اس کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ شہری جیل سے لاپتا ہے تو ان کو نہیں چھوڑیں گے۔عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرتے ہوئے جیل انتظامیہ سے 8 اپریل تک مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔جیل ریکارڈ کے مطابق طاہر زمان کو رہا کردیا گیا ہے۔