پاکستان اورآزاد کشمیر سمیت دنیا بھرمیںیومِ یکجہتی کشمیر کی گونج
شیئر کریں
ملک بھر میںکشمیریوں سے غیر متزلزل حمایت کا عہد، شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی
آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے مختلف مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی
پاکستان ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کا دن منایا۔ یہ دن منانے کامقصد بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرکے عوام کے حق خودارادیت کے لئے منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت کرناہے۔کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔اس موقع پر پورے ملک میں عام تعطیل رہی مظفرآباد میں صبح 9 بجے سے 10 بجے کے درمیان سائرن بجائے گئے اور کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ملک کے مختلف حصوں میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تقاریب منعقد ہوئیں، جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے مختلف مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مسئلہ کشمیر پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد کا دورہ کیا اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔یہ دن غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی ظلم وستم کی جانب بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لئے منایاجاتاہے۔اس سلسلے میں پاکستان اورآزادجموں وکشمیربھرمیں خصوصی پروگرامات ہوئے یکجہتی واکس اورریلیاں نکالی گئیں ۔ دارالحکومت اسلام آباد میں میں ریلیاں، دعائیہ تقاریب اور سیمینارز ہوئے ، جن میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ اسلام آباد میں مختلف سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مجموعی طور پر ملک بھر میں ایک ہی پیغام نمایاں ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کو ہر سطح پر جاری رکھے گا۔تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھرمیں دن دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں اسلام آباد میں وزیر امور کشمیر امیر مقام کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ریلی چائنہ چوک سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔شرکا نے کشمیریوں کی حمایت میں نعرے لگائے۔انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امور کشمیر کے وزیر امیر مقام نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت حق خودارادیت کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جائز جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور اساتذہ نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا۔ طلبہ اور اساتذہ مظفرآباد پہنچے جہاں انہوں نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ بلوچ طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ہر دم آپ کے ساتھ رہیں گے۔طلبہ نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط فوج رکھتا ہے اور کشمیر کبھی بھارت کا نہیں ہو سکتا، کشمیر پاکستان کا تھا، ہے اور رہے گا۔ اساتذہ نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ خود کشمیر آ کر اس کی حقیقت کو قریب سے جانیں۔دورے کے دوران بلوچستان کے طلبہ اور اساتذہ نے پاکستان، کشمیر اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔ بلوچ طلبہ کا آزاد کشمیر کا یہ دورہ مسئلہ کشمیر سے ملک بھر کے عوام کی اصولی وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔


