دھاندلی کیخلاف جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی ،حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق من پسند پارٹیوں کی خواہشات کے مطابق پریزائیڈنگ افسران کے تبادلے اور ان کو اضافی بیلٹ پیپرز فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ دھاندلی کی جاسکے اور جعلی ووٹ ڈلواکر من پسند امیدواروں کے ووٹوں کی گنتی بڑھا ئی جاسکے ، یہ عمل انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان اور اس کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوگی ،جماعت اسلامی ایسے کسی بھی عمل کی مزاحمت کرے گی ،دھاندلی روکنے کے لیے نوجوانوں کی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ،بلدیاتی انتخابات کی طرح اپنے ووٹوں ،سیٹوں اور مینڈیٹ پر کسی کو بھی ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے ،وہ پارٹیاں اور امیدواران جو حقیقی طریقے سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں وہ بھی اس صورتحال پر نظر رکھیں ، بلاول بھٹو زرداری کے پھوپھا سانگھڑ میں عوام کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور بلاول بھٹو زرداری کراچی کو دھمکارہے ہیں کہ اگر پیپلزپارٹی کو ووٹ نہ دیے گئے تو جیتنے والا کچھ نہیں کرسکے گا ، وہ بتائیں کہ بلدیاتی انتخابات اور میئرشپ پر قبضہ اور15سال سندھ پر حکومت کر کے ان کی پارٹی نے کراچی کے لیے کیا کیا ؟۔ہم مقتدر حلقوں سے واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ کراچی میں جو جیت رہا ہے اسے جیتنے دیا جائے اور روکاوٹ نہ ڈالی جائے، رائے عامہ کے سروے بار بار بتارہے ہیں کہ جماعت اسلامی کراچی میں واضح اکثریت سے جیت رہی ہے اور ایم کیو ایم و پیپلزپارٹی غیر مقبول پارٹیاں بن چکی ہیں، انہیں اہل کراچی پر مسلط کرنے اور پھٹے ہوئے غباروں میں ہوا بھرنے کی کوشش کراچی دشمنی ہوگی۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس اور اپنے حلقہ انتخاب این اے 246اورنگی ٹاؤن بجلی نگر روڈ مومن آباد میں ایک بڑے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پریس کانفرنس میں جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،نائب امراء برجیس احمد،مسلم پرویز،راجہ عارف سلطان،عبد الوہاب، حاجی اسحاق خان،سیف الدین ایڈوکیٹ اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے جبکہ جلسے سے امیدوار پی ایس 120نذر برکی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسے میں اورنگی ٹاؤن کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ۔ حافظ نعیم جب اورنگی ٹاؤن پہنچے تو ان کا شانداراستقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔