میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسلام آباد ہائی کورٹ، شیخ رشید کے خلاف موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات معطل

اسلام آباد ہائی کورٹ، شیخ رشید کے خلاف موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات معطل

جرات ڈیسک
پیر, ۶ فروری ۲۰۲۳

شیئر کریں

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات معطل کر کے پولیس کو کارروائی سے روک دیا، عدالت نے بارکونسلز ، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیے۔ شیخ رشید کی جانب سے کراچی منتقلی روکنے اور پولیس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی، جس میں وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے تھانہ آبپارہ کے طلبی سمن پر مزید کارروائی سے روکا تھا جبکہ پولیس نے اسی درخواست پر مقدمے کا اندراج کیا اور گرفتاری کی۔ وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مزید کہا کہ شیخ رشید کے خلاف ایک اور ایف آئی آر موچکو کراچی میں درج کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بیان دینے کی جگہ پولی کلینک اسپتال ہے تو کراچی میں مقدمہ کیسے درج ہوگیا؟ عدالت نے موچکو (کراچی) اور لسبیلہ (بلوچستان) میں شیخ رشید کے خلاف درج مقدمات پر پولیس کو کارروائی سے روک دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مو چکو اور لسبیلہ میں شیخ رشید پر درج ایف آئی آرز معطل کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے بار کونسلز کو بھی اس حوالے سے نوٹسز جاری کردیے۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک ہی وقوعہ پر مختلف شہروں میں ایف آئی آر کیسے ہوسکتی ہیں ؟  وکیل نے بتایا کہ تیسرا مقدمہ مری میں درج کیا گیا، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ان تینوں مقدمات میں گرفتاری ہوچکی ہے؟ وکیل نے بتایا کہ صرف ایک مقدمے میں گرفتاری ہوئی ہے۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ قانون تو یہ کہتا ہے جب ایک مقدمے میں گرفتاری ہو تو باقی میں بھی ہوجاتی ہے۔ وکیل نے عدالت میں کہا کہ شیخ رشید کو نامعلوم جگہ پر کرسی سے باندھ کر 6 گھنٹے تک رکھا گیا۔ اس دوران سیاسی سوالات کیے گئے اور تشدد بھی کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ مجھے نہیں سمجھ آرہی کہ یہ سلسلہ رکے گا کہاں۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ آپ نے سیکریٹری انفارمیشن اور ایم ڈی پی ٹی وی کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کردیے تھے۔ اب وہی کچھ آپ کے خلاف ہو رہا ہے۔ ذرا سوچیں اگر خاتون سیکریٹری انفارمیشن کو بڈھ بیر پولیس گرفتار کرکے لے جاتی تو کیا ہوتا؟


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں