وزیراعظم عمران خان سے پارلیمینٹیرینز کی ملاقات
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ سیاحت کے فروغ، ماحولیات اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی ۔ہفتہ کو وزیراعظم سے پارلیمینٹیرینز نے ملاقات کی ۔پارلیمینٹرینز میں وفاقی وزیر برائے سیفران صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، صوبائی وزیر پنجاب سردار محمد آصف نکئی، ممبران قومی اسمبلی میاں شفیق آرائیں، ملک عمر اسلم، محمد امیر سلطان، پرنس نواز الائی، حیدر علی خان اور ممبر صوبائی اسمبلی زبیر احمد شامل تھے ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ملاقات میں متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ترقیاتی امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے صاحبزادہ محبوب سلطان کی جانب سے ضلع جھنگ میں نئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ، شفیق آرائیں کی جانب سے لودھراں میں ریلوے انڈرپاس کی تعمیر کی درخواست پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ۔ شفیق آرائیں نے ملتان لودھراں روڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کی منظوری پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔حیدر علی خان کی جانب سے سوات میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے لئے جانے والے اقدامات اور مستقبل میں سیاحت کے مزید فروغ کے حوالے سے مجوزہ اقدامات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ، ماحولیات اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی ۔ وزیراعظم نے سوات موٹروے کی توسیع کی درخواست پر عملدرامد کی یقین دہانی کرائی۔پرنس نواز الائی نے بٹگرام میں گرڈ اسٹیشن اور سڑک کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بٹگرام میں وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی کی بدولت علاقے میں سیاحت کا فروغ ہوگا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کو روزگار میسر ہو گا۔وزیراعظم نے سروے آف پاکستان کے تحت بٹگرام اور کوہستان کے درمیان بانڈری کے جلد نوٹیفکیشن کی درخواست پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ۔