پاکستان سپر لیگ 5 آغاز سے قبل ہی تنازع کا شکار
شیئر کریں
پاکستان سپر لیگ 5 آغاز سے قبل ہی تنازع کا شکار ہوگئی، تیار کیے گئے اشتہارات آئی پی ایل اشتہارات کی کاپی نکلے، ٹورنامنٹ کیلئے اشتہارات تیار کرنے والی کمپنی نے نا صرف بھارتی ٹیلی کام کمپنی کا میوزک چوری کر کے استعمال کیا، بلکہ اشتہارات کا مرکزی خیال بھی چوری کیا گیا، معاملہ سامنے آنے کے بعد ٹورنامنٹ کے اسپانسر ایچ بی ایل نے ویڈیوز کو یوٹیوب سے فوری ہٹا دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 5 کے اسپانسر اور اشتہارات تیار کرنے والی کمپنی کی بھیانک غلطی کے باعث ٹورنامنٹ آغاز سے قبل ہی ناصرف تنازع کا شکار ہوگیا ہے، بلکہ پاکستان کیلئے شرمندگی کا باعث بھی بنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 کیلئے اشتہارات تیار کرنے والی کمپنی نے کئی ایسے اشتہارات تیار کیے جو بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل اور بھارتی ٹیلی کام کمپنی کے اشتہارات کی کاپی ہیں۔تیار کردہ اشتہارات میں ناصرف بھارتی اشتہارات کا مرکزی خیال استعمال کیا گیا، بلکہ بھارتی ٹیلی کام کمپنی کے اشتہارات کا میوزک بھی چوری کر کے استعمال کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی اسپانسر کمپنی نے حال ہی میں یہ اشتہارات یوٹیوب پر ریلیز کیے تھے۔ ریلیز کے فوری بعد یہ اشتہارات بھارتی سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کی نظر میں آگئے، جنہوں نے دل کھول کر پاکستان کا مذاق اڑانے اور شرمندہ کرنے کی کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔یہ تمام معاملہ سامنے آنے کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ نے ٹورنامنٹ کے اسپانسر اور ایڈ کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جس کے بعد مذکورہ اشتہارات فوری یوٹیوب سے ہٹا دیے گے۔ اب مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس معاملے کو اتنی آسانی سے دبانے کی بجائے باقاعدہ تحقیقات کی جائیں اور ایڈ کمپنی کیخلاف باقاعدہ کاروائی بھی عمل میں لائی جائے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ اشتہارات کا میوزک اور مرکزی خیال چوری کرنے پر بھارتی کمپنی پاکستانی کمپنی کیخلاف قانونی چارہ جوئی بھی کر سکتی ہے۔ ایسا ہونے کی صورت میں یہ معاملہ پاکستان کیلئے مزید شرمندگی کا باعث بن جائے گا۔