انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایاجائے, وزیراعظم
شیئر کریں
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تمام انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔
وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق اپنی زیر صدارت ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف لیے گئے حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، سہولت کاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی لیے جائیں، ملک میں تمام انسانی اسمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کی جائدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لئے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مثر بنایا جائے، استغاثہ کے لیے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلی ترین درجے کے وکلا تعینات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کے لیے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور انکی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کے لیے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کی، آگاہی مہم چلائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں ایسیٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ پیشہ ور افراد بیرون ملک مارکیٹ کو فراہم کرسکیں ، ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی ا سکریننگ کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات، سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی پیشرفت اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمت اور بہادری کا ایک عمل کئی زندگیوں کو بچا سکتا ہے۔
وطن کے لیے جان قربان کرنے والے طالب علم اعتزاز حسن کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے پاک مٹی کے فرزند شہید اعتزاز حسن کی شہادت کو یاد کرکے افسردہ ہیں، جن کی غیر معمولی جرات ہمارے لیے امید کی کرن ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صرف 15 سال کی عمر میں اعتزاز نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنے اسکول اور ہم جماعتوں کو دہشت گرد حملے سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ اعتزاز کا بے لوث اور غیر متزلزل عزم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمت اور بہادری کا ایک عمل کئی زندگیوں کو بچا سکتا ہے۔ اعتزاز کی میراث آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔