کرم میں کشید گی ،دفعہ 144نافذ، شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
شیئر کریں
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم ایجنسی کے علاقے لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر پر حملے کے بعد کی صورتحال کے باعث دفعہ 144 نافذ کردی گئی جس کے تحت ضلع بھر میں جلسے ، جلوس اور اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگئی جب کہ صوبائی حکومت نے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔مزید براںڈی سی کرم پر فائرنگ کے واقعہ میں پولیس کو کریک ڈاؤن کے دوران اہم کامیابی ملی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی سی پر فائرنگ کے واقعے میں مطلوب دو اہم شرپسندوں کو کرم سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کرم کی موجودہ صورتحال پر کوہاٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس 4 گھنٹے تک جاری رہا، جس میں چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سمیت عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملے میں ملوث ملزموں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، کرم اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے گا جب کہ کرم کا امن خراب کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔اجلاس میں ضلع کرم میں موجودہ حالات کی پیش نظر دفعہ 144 کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ضلع میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ کرم میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جب کہ تری سے چھپری تک مین شاہراہ پر ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی۔کوہاٹ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ کرم کے حالات کو چند شر انگیز لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑیں گے ، کرم کے عوام جلد سکھ اور چین سے رہیں گے جب کہ ٹل اور پارا چنار روڈ کو جلد عام ٹریفک کے لیے کھول دیں گے ۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر کرم پر فائرنگ کرنے والے 2 اہم شرپسند وں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ڈی سی کرم پر فائرنگ کے واقعہ میں پولیس کو کریک ڈاؤن کے دوران اہم کامیابی ملی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی سی پر فائرنگ کے واقعے میں مطلوب دو اہم شرپسندوں کو کرم سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق گرفتار شرپسند ایف آئی آر میں بھی نامزد ہیں جبکہ انہیں حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اس کے علاوہ کرم و مضافات میں دیگرملزمان کی گرفتاری کریک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کرم میں شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم زخمی ہوئے تھے اور اس واقعے کی ایف آئی آر سی ٹی ڈی تھانے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کی گئی ہے ۔ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 25 سے 30 تھی جن کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ۔