میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاک نیوزی لینڈسیریز، سرفرازکی سنچری،سنسنی خیزمقابلے کے بعد دوسراٹیسٹ ڈرا

پاک نیوزی لینڈسیریز، سرفرازکی سنچری،سنسنی خیزمقابلے کے بعد دوسراٹیسٹ ڈرا

ویب ڈیسک
جمعه, ۶ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد دوسرا اور سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ بھی ڈرا ہوگیا جس کے بعد سیریز بھی ڈرا ہوگئی، پاکستان کی جانب سے مرد بحران کا کر دار ادا کر نے والے سرفراز احمد کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستانی ٹیم شکست سے بچ گئی ،دوسری اننگز میں 319رنز کے ہدف کے تعاقب میں پانچویں اور آخری روز کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 304رنز بناسکی ، اس طرح گرین کیپ 15 رنز اور کیوی ٹیم ایک وکٹ سے فتح سے دور رہی، میچ 3 اوورز پہلے ہی ختم کردیا گیا،نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بریسویل کامیاب بائولر رہے جنہوںنے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی رہ دکھائی ،ٹیم سائوتھی اوراش سودھی دو دو اور ہنری نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، قومی ٹیم کے سرفراز احمد نے پہلی اننگز میں 78اور دوسری اننگز میں 118رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے ۔کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز جمعہ کو پاکستان نے صفر پر دو کھلاڑیوں کے نقصان پر اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق کا ساتھ دینے شان مسعود آئے۔دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کیلئے 35 رنز کی شراکت قائم کی تو اس موقع پر امام الحق اش سودھی کی وکٹ بن گئے۔کپتان بابر اعظم اور شان مسعود نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی اور اسکور کو 77 تک پہنچا دیا تاہم اس مرحلے پر لیگ کی جانب جاتی گیند کو چھیڑنے کی کوشش میں قومی ٹیم کے کپتان وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 27 رنز بنائے۔ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ بریسویل نے اپنے اگلے اوور میں ایک اور اہم شکار کرتے ہوئے شان مسعود کی 35 رنز کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔80 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز احمد کا ساتھ دینے سعود شکیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے کھیل کے دوسرے سیشن میں بھی بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران سرفراز احمد نے سیریز میں اپنی لگاتار چوتھی نصف مکمل کر لی تاہم سرفراز احمد اور سعود شکیل نے 123 رنز کی طویل شراکت قائم کرکے پاکستان کو ایک مستحکم پوزیشن پر لاکھڑا کیا اور ٹیم کو جیت کی امید دلائی،سعود شکیل نے 146 گیندوں پر32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سرفراز احمد کا ساتھ دینے کیلئے ساتویں نمبر پر آغاسلمان میدان میں آئے اور 83 گیندوں پر 70 رنز کی قیمتی شراکت کی۔سابق کپتان سرفراز نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 135 گیندوں پر ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کر نے میں کامیاب رہے تاہم قومی ٹیم کے آغاسلمان 40 گیندوں پر 30 قیمتی رنز بنا کر اس وقت آؤٹ ہوئے جب پاکستان کو جیت کیلئے 46 رنز درکار تھے۔آغا سلمان کے آئوٹ ہو نے کے بعد حسن علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے وہ سائوتھی کا شکار بنے اور صرف پانچ رنز بنا سکے ۔ حسن علی کے آئوٹ ہونے کے بعد مرد بحران کا کر دار ادا کر نے والے سرفراز احمد بھی بریسویل کی گیند پر کین ولیم سن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو کر پویلین جا بیٹھے ۔سرفرا زاحمد نے 118رنز کی شاندار اننگز کھیلی اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 287تھا اور پاکستان کو جیت کیلئے 32رنز در کار تھے ۔ سرفراز احمد کے آئوٹ ہونے کے بعد نسیم شاہ میدان میں اترے اور تیز کھیلتے ہوئے پاکستان کو کامیاب کر انے میں بھرپور کوشش کی تاہم امپائر کی جانب سے پانچویں روز کاکھیل ختم کر دیا گیا ۔ نسیم شاہ گیارہ گیندوں پرپندرہ رنز اور ابر راحمد سات رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ، نسیم شاہ کی اننگز میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل ہیں ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بریسویل کامیاب بائولر رہے جنہوںنے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی رہ دکھائی ،ٹیم سائوتھی اوراش سودھی دو دو اور ہنری نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ، سرفراز احمد کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 277 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کیلئے 319 رنز کا ہدف دیا تھا۔دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 2.5 اوورز میں بغیر کسی رن کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 408 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں