سندھ کابینہ نے بلدیاتی کونسلز کے لیے مخصوص نشستوں کی منظوری دے دی
شیئر کریں
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلی ہاس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فصل 2022-23 کیلئے گنے کی کم از کم قیمت فی من ( 40 کلو) 302 روپے مقرر کرنے سمیت بلدیاتی کونسل میں خواجہ سراں کیلئے مخصوص نشستوں کی منظوری اور پیپلز بس سروس، کراچی کے تحت مزید 40 بسوں کی خریداری سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ میں تمام صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ گنے کی قیمت: وزیراعلی کے مشیر برائے زراعت منظور وسان نے کابینہ کو بتایا کہ انہوں نے گنے کی نئی قیمتوں کے تعین سے متعلق اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے کاشتکاروں اور ملزمالکان سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ متعدد اجلاس کئے ہیں جس میں تمام اسٹیک ہولڈر کا اپنا نقطہ نظر سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گنے کی فی من ( 40 کلو) قیمت 300 روپے مقرر کی ہے اس لیے انہوں نے کابینہ کو 29 نومبر 2022 سے شروع ہونے والے کرشنگ سیزن 23-2022کیلئے 302 روپے فی من ( 40 کلو) مقرر کرنے کی تجویز دی۔ کابینہ نے گنے کی کم از کم قیمت 302 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دی اور کوالٹی پریمیم کی شرح بھی 0.50 روپے (50 پیسے) فی 40 کلوگرام مقرر کی جیسا کہ وفاقی حکومت نے 99-1989میں منظور کیا تھا۔مقامی کونسلز میں مخصوص نشستیں: معاشرے کے ہر طبقے کیلئے مساوی حقوق کی پالیسی پر یقین رکھنے والی صوبائی کابینہ نے مقامی کونسلوں میں خواجہ سراں کیلئے بھی مخصوص نشستوں کی منظوری دی ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کی درخواست پر صوبائی کابینہ نے چھ کیٹیگریز پر مشتمل لوکل کونسل کیلئے مخصوص نشستیں مختص کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں خواتین اور نوجوان ممبران کیلئے کم از کم ایک نشست، مزدور یا کسان کیلئے ایک نشست، غیر مسلم اراکین کیلئے ایک نشست، معذور افراد کیلئے ایک نشست اور خواجہ سرا کیلئے ایک نشست شامل ہیں۔ کراچی کیلئے مزید بسوں کی خریداری: صوبائی کابینہ نے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی درخواست پر شہر میں پہلے سے چل رہی پیپلز بس سروس کیلئے مزید 12 میٹر ہائبرڈ کی 43 بسوں کی خریداری کیلئے 1.7 ارب روپے کی منظوری دی۔ صوبے میں سیاحتی مقامات کیلئے پیپلز بس سروس شروع کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔ کابینہ نے وزیر ثقافت سردار شاہ کو تحریری تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ کراچی سے بڑے سیاحتی مقامات جیسے کیجھر، تھر، رنی کوٹ اور دیگر علاقوں کیلئے بسیں چلائی جا سکیں