سلمان خان کے بھائیوں کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی مہنگی پڑگئی
شیئر کریں
بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے دونوں بھائی سہیل خان اور ارباز خان کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی مہنگی پڑگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے دونوں بھائی ارباز خان، سہیل خان اور سہیل کے بیٹے نروان خان کے خلاف کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ممبئی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔تینوں افراد 25 دسمبر کو دبئی سے ممبئی واپس آئے تھے جس کے بعد انہیں کورونا وائرس کے پیش نظر وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق سات روز تک نجی ہوٹل میں قرنطینہ میں رہنا تھا لیکن وہ ہامی بھرنے کے بعد بغیر کسی کو اطلاع دیئے گھروں کو روانہ ہوگئے ۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے میڈیکل آفیسر کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کی شکایت کی گئی جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی مکمل کرکے تینوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔قرنطینہ نہ کرنے پر بی ایم سی کے آفیسر سہیل خان کے گھر بھی گئے جہاں انہیں یہ بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی رپورٹ منفی آنے پر انہوں نے قرنطینہ میں رہنے کے بجائے گھر جانے کا فیصلہ کیا تاہم مقدمہ درج ہونے کے سلمان خان کے دونوں بھائی اور بھتیجے کو تاج ہوٹل میں قرنطینہ کردیا گیا جہاں تمام اخراجات سلمان خان کی فیملی خود برداشت کرے گی۔