میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ناظم جوکھیو کے اہلخانہ کو خون بہا لینے پر راضی کرلیا گیا

ناظم جوکھیو کے اہلخانہ کو خون بہا لینے پر راضی کرلیا گیا

ویب ڈیسک
اتوار, ۵ دسمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: مظفر حسین عسکری) وڈیرے جیت گئے مظلوم ہارگیا، ناظم جوکھیو کے اہلخانہ کو خون بہا لینے پر راضی کرلیا گیا، صوبائی وزیر نے اہم کردار ادا کیا۔ عدالت میں راضی نامہ پیش کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ تھانہ میمن گوٹھ کی حدود میں بے رحمی سے قتل ہونے والے ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم این اے جام کریم ان کے بھائی ایم پی اے جام اویس سمیت 6 سے زائد ملزمان کے خلاف درج مقدمہ میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ اس ضمن میں مقتول کے خاندان سے تعلق رکھنے والے قریبی ذرائع نے جرأت کو بتایا ہے کہ گزشتہ روز جوکھیو برادری سے تعلق رکھنے والے سندھ کے صوبائی وزیر ساجد جوکھیو کی رہائش گاہ پر جرگہ منعقد ہوا تھا جس میں مقتول ناظم جوکھیو کے بھائی مدعی مقدمہ فیض جوکھیو کے علاوہ ایم این اے جام عبدالکریم اور کئی بااثر وڈیرے اور جوکھیو برادری کے بزرگ موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر جام عبدالکریم نے قتل پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کے لواحقین سے معافی طلب کی جس پر مقتول ناظم جوکھیو کے ورثاء کو خون بہا (دیت) کے طورپر 5 کروڑ روپے دینے پر راضی کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جرگہ میں موجود جوکھیو برادری کے بزرگوں نے مقتول کی والدہ اور بیوہ سے رابطہ کرکے ان کو جرگہ میں ہونے والے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اس سے قبل مقتول ناظم جوکھیو کا بھائی فیض جوکھیو قتل میں ملوث ایم این اے جام عبدالکریم کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے عدالت میں بیان قلمبند کراچکا ہے۔ یاد رہے کہ غیر ممالک سے آئے ہوئے شکاریوں کی پابندی کے باوجود شکار کرنے کی ویڈیو بناکر موبائل پر چلانے کی پاداشت میں ناظم جوکھیو کو ایم این اے جام عبدالکریم اور ایم پی اے جام اویس نے اپنے گارڈز کے ذریعے اغواء کراکے اسے جام ہائوس میں واقع جام ویئر ہائوس لے جاکر بدترین تشدد کا نشانہ بناکر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، بعدازاں پولیس نے مقدمہ درج کرکے مقدمہ میں ملوث ایم پی اے جام اویس سمیت اس کے چار گارڈز کو گرفتار کرلیا تھا، جبکہ مقدمہ میں نامزد ایم این اے جام عبدالکریم سمیت چار ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، اس بات کا امکان ہے کہ مقتول ناظم جوکھیو کے ورثاء کی جانب سے راضی نامہ کی دستاویزات عدالت میں پیش کردی جائیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں