پی ڈی ایم فیصلہ کرے ، ن لیگ کے استعفے حاضر ہیں،رانا ثنا اللہ
شیئر کریں
مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ بنی گالا میں چھپے کورونا کو بھگا کر دم لیں گے ، پی ڈی ایم فیصلہ کرے ،( ن) لیگ کے استعفے حاضر ہیں ۔لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا رویہ غیرانسانی اور انتقام والا ہے ، (ن)لیگی رہنمائوں پر حکومت نے بے بنیاد مقدمات درج کیے ، میں نے اپنی آمدنی کا باقاعدہ ٹیکس دیا ، پہلے حکومت کہتی تھی کہ میری آسٹریلیا میں دو ارب کی پراپرٹی ہے ، 3سال میں میری کوئی خفیہ جائیداد اور اکائونٹ سامنے نہیں لا سکے ، اب یہ 12کروڑ پر آگئے ہیں۔ تفتیشی افسر نے میرے خلاف 300لوگوں کو بلایا، ان تمام لوگوں نے پوچھ گچھ میں میرے حق میں بات کی، منشیات فروشوں کو بلاکر مجھے ڈرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں کورونا کا شور مچایا گیا، جلسہ ہو گیا تو کورونا غائب ہو گیا، کب تک کورونا کا بہانہ کریں گے ، کسی کو وبا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے ، 13دسمبر کو حکومتی کورونا کا علاج کریں گے ، 13دسمبر کو مینار پاکستان بھرجائے گا، پورے پاکستان سے لوگ لاہور کا رخ کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)میں کوئی اختلاف نہیں، ہم سب متحد ہیں ، مریم نواز پارٹی کی قیادت کررہی ہیں اور ہم سب ان کے ساتھ ہیں، پی ڈی ایم فیصلہ کرے ، ن لیگ کے استعفے حاضر ہیں،بنی گالا میں چھپے کورونا کو بھگا کر دم لیں گے ، عوام لاہور میں پی ڈی ایم سے اظہار یکجہتی کریں گے ، مینار پاکستان گرائونڈ بھرے گا، عمران خان کہتے ہیں اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا، اب ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے ۔