شمالی وزیرستان میں فائرنگ کا تبادلہ، لیفٹننٹ کرنل اور 5 جوان شہید
شیئر کریں
شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹننٹ کرنل اور 5 سپاہی شہید ہوگئے جبکہ 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان شہید ہو گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والے 5 بہادر سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔ مزید کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے جب کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے سپن وام میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں ہیں، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں۔