قائد آباد سے لاپتا کمسن بچی بازیاب، ملزمان باپ بیٹا گرفتار
شیئر کریں
قائد آباد پولیس نے گلشن بونیر میں آپریشن کے دوران باپ بیٹے کو گرفتار کرکے چار روز سے لاپتا 5 سالہ کم سن بچی کو بازیاب کرالیاہے ۔قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر کے رہائشی شمس الحق کی 5 سالہ بیٹی زینب 30 ستمبر کو گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ اس دوران نامعلوم ملزمان اسے اغوا کرکے لے گئے ۔ پولیس نے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے بچی کی تلاش شروع کردی تھی۔اتوار کے روز پولیس نے گلشن بونیر کا سرچ آپریشن کرکے گھر گھر تلاش لی اس دوران ایک گھر سے زینب کو بازیاب کرکے محمد رضا اور اس کے بیٹے محمد طاہر کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق بچی کے اغوا میں خاتون کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس کے مطابق چار دن کے دوران ملزمان نے بازیاب بچی کے گھر والوں سے کسی بھی قسم کا تاوان نہیں مانگا۔ شبہ ہے ملزمان نے ذاتی رنجش کی بنا پر بچی کو اغوا کیا۔ اس سلسلے میں پولیس پیر کو ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرے گی بعدازاں تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئیں گے ۔واضح رہے کہ 30 ستمبر کو ملیر کے علاقے مسلم آباد کی رہائشی 5 سالہ بچی زینب کو اغوا کرلیا گیا تھا، زینب کے اغوا کا مقدمہ قائد آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کروایا گیا تھا۔