کراچی پر قبضہ کے خواہش مند اب یہ خواب دیکھنا چھوڑ دیں، پیپلزپارٹی رہنما
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کراچی یکجہتی ریلی نفرت ، لسانیت اور تقسیم کی سیاست کے خلاف عوامی ریفرنڈم تھی۔سندھ کے دارالحکومت کراچی والوں نے سندھ کی تقسیم کو مسترد کر دیا ہے ، اور تعصب کی سیاست کو دفن کر دیا ہے ، پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں کراچی سمیت صوبے بھر سے کامیابی حاصل کرکے عوام کا مقدمہ لڑے گی ، کراچی کی ریلی احتجاج کی ابتداء ہے ، اگر ہم نے سندھ بھر میں احتجاج کی کال دی تو عوام حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر ہوں گے ، کراچی یکجہتی ریلی صرف پیپلز پارٹی کا اجتماع ہے ، جب 11 جماعتیں یکجاء ہو کر سڑکوں پر طاقت دکھائیں گی تو حکمرانوں کی نیند حرام کر دیں گے ، ،پیپلز پارٹی کو کچی آبادیوں میں رہنے والوں پر فخر ہے ، جو آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے جانیں قربان کرنے کی پرواہ نہیں کرتے ۔ ان غریبوں کی تیسری نسل پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے کراچی پر قبضہ کرنے کی خواہش کرنے والے اب یہ خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نثار احمد کھوڑو ، سعید غنی ، وقار مہدی نے کراچی یکجہتی ریلی کے اختتام پر صدر میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید ناگوری ، پروفیسر این ڈی خان ، سینیٹر تاج حیدر شہلا رضا ، سردار خان ، ذوالفقار قائمخانی ، آصف خان ، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی ، سینیٹر انور لعل ڈین ، مرزا مقبول ، امان اللہ محسود ، ظفر صدیقی ، اقبال ساند ، جاوید شیخ ، لیاقت آسکانی ، خلیل ہوت اور دیگر بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے تحت کراچی یکجہتی ریلی عائشہ منزل فیڈرل بی ایریا سے نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء شاہراہ پاکستان ، کریم آباد ، الکرم اسکوائر ، لیاقت آباد فلائی اوور ، لیاقت آباد ڈاکخان ، تین ہٹی ، جہانگیر روڈ ، گرومندر ، مزار قائد ، پیپلز سیکرٹریٹ ، لائنزایریا سے ہوتی ہوئی صدر پارکنگ پلازہ پہنچی۔ ریلی کے شرکاء کا جگہ جگہ پرجوش استقبال کیا گیا جبکہ ریلی کے روٹ پر آنیوالی پلندو بالا عمارتوں ، فلائی اوورز ، پیڈسٹن برج اور استقبالیہ کیمپوں سے ریلی کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نفرت ، لسانیت اور سندھ کی تقسیم کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے دارالحکومت کراچی والوں نے سندھ کی تقسیم کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے حقوق کی جنگ لڑے گی اور کراچی کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے صدر سعید غنی نے کہا کہ کراچی یکجہتی ریلی تقسیم کی سیاست ، لسانیت اور نفرت کے خلاف نکالی گئی ریلی میں شریک ہر امن پسند شہری نے یہ پیغام دیا کہ وہ سندھ کی تقسیم کو مستر د کرتے ہیں اور کراچی سے لسانیت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم کے اس مفروضے کو غلط ثابت کریں گے کہ پیپلز پارٹی والے اندرون سندھ سے جیت کر کراچی پر حکمرانی کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل وقار مہدی نے کہاکہ کراچی یکجہتی ریلی نفرت ، لسانی سیاست کے خلاف ریفرنڈم تھی۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی سمیت صوبے بھر سے نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔