میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حلف نامے کو اصل شکل میں بحال کرنے کیلئے ترمیمی بل لانے کا فیصلہ، حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق

حلف نامے کو اصل شکل میں بحال کرنے کیلئے ترمیمی بل لانے کا فیصلہ، حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق

ویب ڈیسک
جمعرات, ۵ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)حکومت اور اپوزیشن نے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے دوران کاغذات نامزدگی فارم کے حلف نامے میں ہونے والی تبدیلی کو دوبارہ اصل شکل میں لانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ ترمیم لانا ہی ہے تو شق 203کو بھی ختم کریں۔ بدھ کواسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس ہوا جس میں شیخ صلاح الدین، اکرم درانی، شاہ محمود قریشی، مولانا امیرزمان اور دیگر پارلیمانی لیڈر شریک ہوئے۔ الیکشن بل میں امیدواروں کے حلف نامے میں الفاظ کی تبدیلی سے پیدا صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران نے فیصلہ کیا کہ کاغذات نامزدگی میں حلف نامے کو اس کی اصل شکل میں لایا جائیگا۔اجلاس کے بعداسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور پارلیمانی رہنمائوں نے میڈیا سے بات چیت کے دور ان بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن نے حلف نامہ اصل شکل میں واپس لانے کے لئے ترمیمی بل پراتفاق کیا ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گزشتہ دو دن سے انتخابی اصلاحات بل 2017ء میں حلف کے معاملے پر بحث ہو رہی ہے، گزشتہ روز میری طبیعت ناساز تھی، آج جب ایوان میں آیا تو اس حوالے سے سوچا کہ سب کو مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنانا چاہئے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اعلان کیا کہ تمام پارلیمانی لیڈرز 11 بجے میرے چیمبر میں آئیں تاکہ جو غلطی ہوئی ہے اس کو درست کیا جاسکے۔ اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ یہ ایک ٹیکنیکل غلطی تھی، میں تمام پارلیمانی لیڈرز کا شکر گزار ہوں، سب نے سر جوڑ کر معاملے کا حل نکالنے کی کوشش کی۔ حلف نامے کو اصل صورت میں بحال کیا جائے گا اور (آج) جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس حوالے سے ترمیمی بل ایوان سے منظور کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی غلطی کا احساس ہو اس کی اصلاح کرنی چاہئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ حلف نامے کو اس کی اصل شکل میں بحال کریں گے جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔زاہد حامد کے مطابق قومی اسمبلی کے (آج) جمعرات کوہونے والے اجلاس کے دوران ترمیمی بل پیش کریں گے اور پرانے حلف نامے کو دوبارہ کاغذات نامزدگی کا حصہ بنائیں گے۔وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے کہاکہ متفقہ طور پر ایک ترمیم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اتفاق کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیکلریشن رول، سیاسی جماعتوں، ختم نبوت، بانی پاکستان کے وژن کے حوالے سے لفظ بہ لفظ، جو ایکٹ پاس کیا ہے، اس میں سابقہ ایکٹ والے الفاظ دوبارہ شامل کیے جائیں گے اور اس قانون کو پہلے والی صورت میں بحال کر دیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں