سرنج سے منشیات لینے کے عادی افراد میں ایچ آئی وی سندھ میں 2 این جی اوزپر اربوں کی کرپشن کا انکشاف
شیئر کریں
دونوں فلاحی تنظیموں کو ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت 9 ارب 68 کروڑ 66 لاکھ روپے گرانٹ دی گئی،رپورٹ
عالمی ڈونر ادارے نے نئی زندگی ٹرسٹ ،برج کنسلٹنٹ فائونڈیشن کے آڈٹ کیلئے تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرلیں
کراچی ( رپورٹ: مسرور کھوڑو ) سندھ میں سرنج سے منشیات لینے کے عادی افراد میں ایچ آئی وی پر کام کرنے والی دو این جی اوز کی طرف سے اربوں روپے کی کرپشن کا انکشاف سامنے آگیا، عالمی ڈونر ادارے نے شفاف تحقیقات اور آڈٹ کیلئے تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرلیں، دونوں تنظیموں کو ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت 9 ارب 68 کروڑ 66 لاکھ روپے گرانٹ دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں دو این جی اوز کی طرف سے دیے گئے اہداف کے حصول میں ناکامی اور ناقص کارکردگی پر محکمہ صحت سندھ کی جانب سے گلوبل فنڈ کنٹری ٹیم جنیوا کو رواں سال جون میں خط لکھ کر فنڈز میں غبن سے متعلق آگاہ کیا گیا، محکمہ صحت سندھ نے گلوبل فنڈ کی انتظامیہ سے نئی زندگی ٹرسٹ اور برج کنسلٹنٹ فائونڈیشن نامی این جی اوز کو فراہم کردہ فنڈز کی آڈٹ کا مطالبہ بھی کیا تھا، گلوبل فنڈ نے محکمہ صحت سندھ کے خط پر ایکشن لیتے ہوئے ڈچ انٹرنیشنل آڈٹ فرم کو فنڈز میں بے قاعدگ?ون اور ایڈز کنٹرول نہ ہونے سے متعلق تفصیلی جائزہ لینے کی زمہ داریاں سونپ دیں، ایڈیشنل ڈائریکٹر سی ڈی سی ایچ آئی وی ایڈز سندھ ڈاکٹر ارشاد کاظمی نے دونوں غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے اربوں کی کرپشن کے معاملے پر یو این گلوبل فنڈ کو خط لکھنے کی تصدیق کردی، ڈاکٹر ارشاد کاظمی کا کہنا ہے کہ گلوبل فنڈ کو سندھ میں ایچ آئی وی پر کام کرنے والی دو این جی اوز کو جاری کردہ فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کی درخواست کی گئی، درخواست پر عالمی ڈونر ادارے نے شفاف تحقیقات اور آڈٹ کیلئے تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ ذرائع کے موجب منشیات استعمال کرنے والے افراد میں ایچ آئی وی ایڈز کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 11 برس سے دو غیرسرکاری تنظیمیں نئی زندگی ٹرسٹ اور برج کنسلٹنٹ فائون??شن گلوبل فنڈ کے تعاون سے کام کر رہی تھیں، دونوں تنظیموں کو 2013 سے لیکر 2022 تک ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت 9 ارب 68 کروڑ 66 لاکھ روپے گرانٹ دی گئی، خطیر رقم ملنے کے باوجود دونوں این جی اوز کی کارکردگی صفر، منشیات استعمال کرنے والے افراد میں ایچ آئی وی وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کی بجائے اضافہ ہوگیا، نئی زندگی ٹرسٹ اور برج کنسلٹنٹ فائونڈیشن نے گلوبل فنڈ کیجانب سے خطیر رقم ملنے کے باوجود عملی کام کرنے کی بجائے زیادہ تر کاغذی کاروائی مکمل کی، سندھ بھر میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ روکنے کیلئے نئی زندگی ٹرسٹ کو سالانہ 30 کروڑ روپے اور برج کنسلٹنٹ فاؤنڈیشن کو 10 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول ہوئی، این جی اوز کی جانب سے فنڈز میں غبن اور مقررہ اہداف کے حصول میں ناکامی پر تحقیقات کے آغاز کے بعد غیر ملکی فرم نے شکایت درج کرنے والے ایڈیشنل ڈائریکٹر سی ڈی سی ایچ آئی ایڈز ڈاکٹر ارشاد کاظمی سے ملاقات کی، تھرڈ پارٹی ایوولیشن کے طریقہ کار اور ٹائیم لائین طئہ کرنے پر اتفاق کیا گیا، اربوں روپے کی کرپشن کرنے والی این جی اوز نئی زندگی ٹرسٹ کی سربراہ ملائکہ ظفر، برج کنسلٹنٹ فاؤنڈیشن کے سربراہ و سابق پروگرام مینیجر سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام شرف علی شاہ کا تاحال موقف سامنے نہیں آ سکا۔