میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ضیاء الدین ہسپتال کو دیا جانے والا پانی کے4انچ کنکشن کا فیصلہ فوری منسوخ کیا جائے، علاقہ مکین

ضیاء الدین ہسپتال کو دیا جانے والا پانی کے4انچ کنکشن کا فیصلہ فوری منسوخ کیا جائے، علاقہ مکین

جرات ڈیسک
پیر, ۵ ستمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

نارتھ ناظم آباد کے رہائشیوں نے حکومت سے اپیل ہے کہ ضیاء الدین ہسپتال کو دیا جانے والا پانی کے4انچ کنکشن کا فیصلہ فوری منسوخ کیا جائے۔ رہائشیوں نے کہا کہ ایک طرف کراچی واٹر اینڈ سیورج بورڈ شہریوں کو مکمل پانی فراہم کرنے سے قاصر ہے تو دوسری طرف شہریوں کے حصہ کا پانی اپنی ضیاء الدین ہسپتال کو کو دینے کیلئے نیا کنکشن دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضیاء الدین ہستپال انتظامیہ نے واٹر بورڈ کی ملی بھگت سے نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں شہریوں کیلئے پانی فراہم کرنے والی 48انچ کی ٹرنک لائن سے 4انچ کی لائن کا کنکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضیاء الدین اسپتال نے پانی سے آکسیجن بنانے کا پلانٹ لگایا ہے، اس پلانٹ کو پانی کی فراہمی کے لئے ہسپتال انتظامیہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے 90لاکھ روپے کے عوض اضافی کنکشن لینے اور ضلعی انتظامیہ سے 45 لاکھ کے عوض روڈ کٹنگ کا اجازت نامہ حاصل کیا ہے۔۔ علاقہ مکینوں نے بتایاکہ 48 انچ کی ٹرنک لائن سے 4 انچ کے کنکشن سے ان کا علاقہ جو کہ پہلے ہی پانی کی کمی کا شکار ہے اور اس کنکشن کے بعد مزید مشکلات کا شکارہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح ٹرنک لائن سے کنکشن لینے کا کام شروع ہوا تو علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور کام بند کرادیا۔ اچانک ضلع وسطی کی پولیس متحرک ہوئی اور ضلع کے ساتوں ایس ایچ اوز کو بمعہ نفری علاقے میں طلب کرلیا گیا۔ ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد اسلم راجپوت بھی موقع پر پہنچے اور ان کی علاقے کے منتخب رکن اسمبلی ریاض حیدر سے تلخ کلامی بھی ہوئی اس دوران جماعت اسلامی،ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنان بھی موقع پر پہنچ گئے اور سیاسی مخالفت کو ایک طرف رکھ کر مشترکہ احتجاج شروع کردیا اور ایک بار پھر کام رکوادیا لیکن رات گئے ضلعی انتظامیہ نے ایک بار پھر پائپ بچھانے کا کام مکمل کرنے کی کوشش کی ۔ اس سلسلے میں ڈی سی ضلع وسطی طحہ سلیم کا موقف ہے کہ ضیا الدین اسپتال کو پانی کی اضافی کنکشن کی فراہمی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے دی ہے اور ان کی ہی درخواست پر پولیس طلب کی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایاکہ ضیاء الدین ہسپتال کے مالکان کی پیپلز پارٹی سے وابستگی ہے اور اور ماضی میں بھی ہسپتال انتظامیہ نے میں پیپلز پارٹی کی حکومت سے کئی ناجائز مراعات حاصل کیں ہیں۔ اس مرتبہ بھی ہسپتال انتظامیہ نے سندھ حکومت کو استعمال کرتے ہوئے واٹربورڈ سے ناجائز کنکشن حاصل کیا ہے۔ پانی کا کنکشن لینے پر مقامی لوگوں نے بتایا کہ کسی بھی صورت میں اپنے حق کا پانی واٹر بورڈ کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ نارتھ ناظم آباد کے رہائشیوں اور جماعت اسلامی، ایم کیوایم اور پاکستان تحریکِ انصاف کی مقامی قیادت نے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ مقامی رہائشیوں نے کہا کہ ایک طرف کراچی شہر میں پانی کی قلت ہے اور عوام پانی کے بلوں کی ادائیگی کے باوجود واٹر ٹینکر خریدنے پر مجبورہیں تو دوسری طرف واٹر بورڈ با اثر سیاسی شخصیات کے اداروں کو نواز رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کے اس غیر قانونی کام کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں