ناصرشاہ کی مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی ،تاجربرادر ی کی بھوک ہڑتال ختم
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار) تاجر برادری سندھ سرکار کی بات ماننے پر آمادہ ہوگئی تین روز سے جاری بھوک ہڑتال مولانا بشیر فاروقی کی اپیل اور ناصر حسین شاہ کی یقین دہانی پر ختم کر دی گئی سندھ حکومت نے پیر کے روز تاجر برادری کو خوشخبری سنانے کا عندیہ دے دیا ایم اے جناح پر ٹریفک ایک مرتبہ پھر بحال کر دیا گیا. تفصیلات کے مطابق کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کی بھوک ہڑتال گذشتہ تین روز سے شدید بارش میں بھی جاری تھی اس ضمن میں تاجروں کی جانب سے گذشتہ روز ایم اے جناح روڈ کو مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا تھا جسے ایک بار پھر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے .مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی دھرنے کے لیے قائم کیے گئے خصوصی کیمپ میں آمد بھی زور و شور سے جاری تھی گذشتہ روز تاجر برادری کی بھوک ہڑتال ختم کروانے کے لیے چیئرمین سیلانی مولانا بشیر فاروقی بھی پہنچے تھے جن کی جانب سے قرآن وحدیث کے مختلف حوالے دیکر سندھ حکومت کے فیصلوں سے نالاں تاجر برادری سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی گئی تھی اور ان میں جوس کے ڈبے تقسیم کیے گئے تھے تاہم رات گئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ بھی لائٹ ہاؤس پر کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں پہنچے تھے جہاں ان کی جانب سے رضوان عرفان، شرجیل گوپلانی، جمیل پراچہ، حکیم شاہ، اسماعیل لالپوریہ سمیت دیگر رہنماؤں سے مذاکرات کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کورونا کے باعث جو پابندیاں لگائی ہیں وہ این سی او سی کی ہدایات پر لگائی ہیں۔ اس وقت یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ شاید کراچی اور حیدرآباد کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ایسا نہیں ہے کیونکہ اس وقت بھی پنجاب میں جن جن شہروں میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے وہاں بھی پابندیاں سخت کی جارہی ہیں۔ سندھ میں جب یہ پابندیاں لگائی گئیں اس وقت کورونا کیسز کی تعداد 23 فیصد سے زائد تھی تاہم اللہ کے کرم اور عوام کے تعاون سے آج یہ 7 فیصد ہوگئی ہے۔ تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر تاجروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی، سندھ حکومت کے ماتحت ٹیکسز میں ریلیف سمیت دیگر پر بھی بات چیت ہورہی ہے۔ میں تاجروں کو یقین دہانی کرواتا ہوں کہ پیر کو صبح وزیر اعلٰی سندھ کہ زیر صدارت اس سلسلے میں اجلاس میں آپ کے تمام مطالبات کو سامنے رکھیں گا۔ انشاء اللہ آپ کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ اگر پیر کے روز آپ کے مسائل حل نہ ہوئے تو میں خود آپ کے ساتھ دھرنے میں شریک ہوں گا۔ میری اپیل ہے کہ آپ اس دھرنے کو ختم کردیں انشاء اللہ پیر کو آپ کو اچھی خبر ملے گی۔ صوبائی وزیر کی یقین دہانی پر ایکشن کمیٹی کے رہنما رضوان عرفان اور شرجیل گوپلانی کی جانب سے سید ناصر حسین شاہ کی موجودگی میں ہی تین روز سے جاری بھوک ہڑتال اور دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔