میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
رین ایمرجنسی حیدرآباد کو 7کروڑ فراہم کردیے،اب شکایت نہیں ہونی چاہیے،وزیراعلیٰ سندھ

رین ایمرجنسی حیدرآباد کو 7کروڑ فراہم کردیے،اب شکایت نہیں ہونی چاہیے،وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک
بدھ, ۵ اگست ۲۰۲۰

شیئر کریں

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ حیدرآباد میں متوقع بارشوںکے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے پہنچ گئے، وزیراعلیٰ سندھ نے شہباز ھال میں اجلاس کی صدارت کی جس میں، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو، شرجیل انعام میمن نے بھی شرکت کی، دوران اجلاس منتخب نمائندے حیسکو کے خلاف پھٹ پڑے اور کہا کہ 18 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے ڈویڑنل کمشنر حیدرآباد اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ رین ایمرجنسی میں ہم نے حیدرآباد ڈویڑن کو 70 ملین روپے دیئے ہیں۔ اس موقع پر ڈویڑنل کمشنر حیدرآباد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 70 ملین روپے میں سے 20 ملین روپے ڈی سی حیدرآباد اور 3 ملین روپے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو دیئے گئے جبکہ نالوں کی صفائی کے لیے 5 ملین روپے مختص کیے گئے۔کمشنر حیدرآباد نے بتایا کہ شدید بارشوں میں حیدرآباد متاثر ہوتا ہے کمشنر حیدرآباد نے بتایا کہ حیدرآباد ڈویژن 76 ہزار 4 سو 34 اسکوائر کلو میٹر پر مشتمل ہے اور نالوں کی صفائی کے لیے ضلع بدین کو 5 ملین روپے ٹنڈو محمد خان کو 2.5 ملین روپے دیئے گئے ہیں جبکہ ایچ ایم سی اور واسا کو5 ملین روپے دیئے گئے ہیں اور یہ فنڈز جنریٹرز لینے اور فیول کے لیے ہیں جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ فنڈز دینے کے بعد اب کسی قسم کی شکایات نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ٹھٹھہ سجاول اور بدین سو کلو میٹر کی ساحلی پٹی پر واقع ہے انہوں نے کہا کہ کچا بند گھاروکو کیٹی بندر ، سجانوری کے دیہاتوں کو محفوظ بنانے کے لیے مضبوط کیاگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران کو بدین ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں سم نالے کی صفائی کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ میں آج حیدرآباد اور میرپورخاص اس لیے آیا ہوں کہ انتظامات فول پروف ہونے چاہیے۔ اجلاس میں شریک منتخب نمایندوں میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ ، رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو، شرجیل انعام میمن ، عبدالجبار اور میئر حیدرآباد نے حیسکو کی شکایت کیں انہوں نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے اٹھارہ اٹھارہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے اور بارش کی چند بوندیں پڑتے ہیں بجلی بند کر دی جاتی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بعد ازاں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کے آفس میں میڈیا کے نمایندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 7 اور 8 اگست کو بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر میں نے آج میرپورخاص اور حیدرآباد کا دورہ کیا ہے تاکہ برساتی پانی کی نکاسی سے متعلق انتظامات کا جائزہ لے سکوں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں