ملک بھر میں یومِ شہدائے پولیس منایا گیا
شیئر کریں
ملک بھر میں منگل کو یومِ شہدائے پولیس منایا گیا اس موقع پر وطن عزیز میں امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس فورس کے جوانوں کو خرج تحسین پیش کیا گیا۔اس دن کے سلسلے میں پولیس فورس کی خدمات کے اعتراف میں چاروں صوبوں کے پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں شہدا کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔یوم شہدائے پولیس ہر سال مورخہ 04 اگست کو ملکی سطح پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد شہدائے پولیس کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔اس دن کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فرض کی انجام دہی میں پولیس، مدد کی ہر آواز پر سب سے پہلے پہنچتی ہر اور ہر پکار کا مقصد اور فخر سے جواب دیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم شہدا پولیس کے موقع پر پاکستان پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پولیس کے یوم شہدا کے موقع پر پاکستان پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے لیئے سب سے پہلے پولیس پہنچتی ہے،پنجاب میں بھی پولیس شہدا کا دن منایا گیا جس کا مقصد ان بہادر اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا جنہوں نے ملک کے لیے قربانی دیں،یوم شہدا ئے پولیس کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے یادگار شہدا پر حاضری دی۔ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں دینے والے پولیس افسران اورجوانوں کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پولیس کے شہدا ہمارا مان ہیں یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ شہدا پولیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پنجاب حکومت شہید پولیس افسروں اور جوانوں کے اہل خانہ سے بھی مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔ جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا،علاوہ ازیں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس(آئی جی)سندھ مشتاق احمد مہر نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں یادگارشہدا پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کر کے فرض کی راہ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس جوانوں اور افسران کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب منہاس، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز ڈاکٹر امیر شیخ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ خادم حسین رند،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ ثاقب اسماعیل میمن، ڈی آئی ڈی جی فنانس ذوالفقار مہر کے علاوہ سی پی او میں تعینات دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔شہدائے پولیس دن کی مناسبت سے آئی جی سندھ مشتاق احمد شہید اہلکاروں کے گھر گئے اور فاتحہ خوانی کے علاوہ اہل خانہ سے تعزیت اوراظہار یکجہتی کرتے ہوئے سندھ پولیس کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی جی سندھ نے شہدا کے ورثا سے ملاقات میں انھیں یقین دہانی کرائی کہ سندھ پولیس ہر لمحہ ان کے ساتھ ہے اور وہ خود کو کسی بھی طور تنہا نہ سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے سندھ پولیس اوران کی قربانیاں ہمارا اثاثہ جبکہ ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود ہماری ذمہ داری ہے۔