نواز شریف (کل ) موٹروے کے ذریعے لاہور پہنچیں گے
شیئر کریں
انتظامات مکمل کرنے کیلئے مختلف کمیٹیوں کے قیام کے ساتھ ساتھ کارکنان کو بھی فعال کرنے کا کام سونپ دیا گیا
سابق وزیراعظم نواز شریف (کل)اتوار 6 اگست کو موٹر وے کے ذریعے صوبائی دارالحکومت لاہور پہنچیں گے اس سلسلے میں انتظامات مکمل کرنے کیلئے مختلف کمیٹیوں کے قیام کے ساتھ ساتھ کارکنان کو بھی فعال کرنے کا کام سونپ دیا گیا ۔سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے بتایا کہ نواز شریف موٹروے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ آئندہ ہفتے کے دوران لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ (ن )لیگ کا مقامی چیپٹر وزیراعظم کی لاہور آمد پر ان کے خصوصی استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہے جبکہ انتظامات مکمل کرنے کیلئے مختلف کمیٹیوں کے قیام کے ساتھ ساتھ کارکنان کو بھی فعال کرنے کا کام سونپ دیا گیا ہے۔گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے پارٹی کی مقامی قیادت کا اجلاس طلب کیا اور انہیں اس پروگرام کی مختلف ذمہ داریاں دی گئیں۔ن لیگ کے سٹی چیپٹر کے وزیر اطلاعات کے مطابق نواز شریف کا موٹر وے کے بابو صابو ایکسچینج پر استقبال کیا جائیگا جہاں سے عوامی اجتماع حضرت علی ہجویری ؒعرف داتا صاحب کے دربار تک جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ شاندار استقبال ان کی جماعت اور جماعت کے سربراہ کی مقبولیت کا مظاہرہ کریگا جس نے ملک کو لوڈشیڈنگ کے اندھیرے سے نکالا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے اپنی نا اہلی کے بعد نواز شریف کا یہ پہلا دورہ لاہور ہوگا ۔