محمد پرویز ملک کی بطوروفاقی وزیر تجارت تعیناتی سے برآمدات کے شعبے میں بہتری آئے گی۔ایس ایم منیر
شیئر کریں
معیشت وتجارتی سرگرمیوںکے فروغ کیلئے تاجر و صنعتکار برادری اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔سرپرست اعلیٰ کاٹی
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، کاٹی کے صدر مسعود نقی ، سینئر نائب صدر غضنفر علی خان ، نائب صدر عمر ریحان اور اراکین مجلس عاملہ نے محمد پرویز ملک کو وفاقی وزیر تجار ت مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہارکیا کہ پرویز ملک کی بطور وفاقی وزیر تجارت کے منصب پر فائز ہونے سے ملکی برآمدات اور درآمدات کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی اور وہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے اصلاحاتی عمل کے ذریعے اس کو فعال کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز ملک چونکہ خود ایک منجھے ہوئے صنعتکار ہیں اور وہ تاجر و صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہیں لہذا ہم توقع کرتے ہیں کہ محمد پرویز ملک اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی پہلی ترجیح پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کی کریں گے،کیونکہ ملکی معیشت کی بہتری سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کی بہتری اور فروغ دینے کے لئے کئے جانے والے ہر ممکن اقدام پر تاجر و صنعتکار برادری اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔