اقتدار عارضی، ظلم کے فیصلے تاریخ میں محفوظ رہتے ہیں، تحریک انصاف
شیئر کریں
آج کسی کے پاس اختیار ہے تو کل اسے انصاف کے ترازو میں کھڑا ہونا ہے، اسد قیصر
بشریٰ بی بی اور یاسمین راشد علیل ہیں، ان کی رہائی، مناسب علاج یقینی بنایا جائے، مطالبہ
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اسد قیصر نے کہا ہے کہ اقتدار ہمیشہ عارضی ہوتا ہے، مگر ظلم کے فیصلے تاریخ میں محفوظ رہتے ہیں،
اگر آج کسی کے پاس اختیار ہے تو کل اسے بھی انصاف کے ترازو میں کھڑا ہونا ہے۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری بزرگ اور علیل ہیں۔
ان کی صحت مسلسل خراب ہونے کی اطلاعات کے باوجود انہیں طویل عرصے سے قید میں رکھا گیا ہے۔ اگر حکومت واقعی انسانی حقوق اور خواتین کے تحفظ کی دعویدار ہے تو اسے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ان کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے۔
انسانی ہمدردی اور طبی بنیادوں پر ان کی فوری رہائی اور مناسب علاج یقینی بنایا جائے۔اسی طرح عمران خان کو کئی ماہ سے قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے،
جبکہ ان کی صحت کے حوالے سے مسلسل خدشات سامنے آ رہے ہیں۔اہلِ خانہ، وکلا اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر غیر ضروری پابندیاں ختم کی جائیں تاکہ ان کی صحت سے متعلق تمام شکوک و شبہات کا خاتمہ ہو اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
آج پاکستان کو سیاسی انتقام نہیں بلکہ سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ جب تک ملک میں انصاف، قانون کی بالادستی اور سیاسی مفاہمت کا ماحول پیدا نہیں ہوگا، نہ سرمایہ کاری آئے گی، نہ معیشت سنبھلے گی اور نہ ہی عوام کے مسائل کم ہوں گے۔
سیاسی مخالفین کو دبانے کی پالیسی نے ملک کو پہلے ہی بہت نقصان پہنچایا ہے۔ اقتدار ہمیشہ عارضی ہوتا ہے، مگر ظلم کے فیصلے تاریخ میں محفوظ رہتے ہیں۔
ہر صاحبِ اختیار کو یاد رکھنا چاہیے کہ قانون اور انصاف سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، کیونکہ آج جو اختیار میں ہے، کل اسے بھی اسی انصاف کے ترازو میں کھڑا ہونا ہے۔


