متحدہ لندن کی الطاف حسین کی تصویر والے بل بورڈز لگانے کی تیاری
شیئر کریں
متحدہ لندن کے کارکنوں نے الطاف حسین کی تصویر والے بل بورڈز لگانے کی حکمت عملی بنالی ہے۔ اس حوالے سے لائنز ایریا میں الطاف حسین کی تصویر والا بل بورڈ لگادیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں عیدالاضحی کے موقع پر الطاف حسین کی تصویر والے چھوٹے پینا فلیکس تاحال نہیں ہٹائے گئے ہیں۔ متحدہ لندن کی اچانک شروع ہونے والی سرگرمیوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ ہونے پر متحدہ لندن کے کارکنوں کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی اور اندرون سندھ میں متحدہ لندن کی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں۔ ذریعے کے بقول عیدالاضحی سے قبل جب متحدہ لندن کی جانب سے کراچی میں متحدہ لندن کی چاکنگ اور بینر لگانے کی سرگرمیاں کی گئیں تو اس کو نظر انداز کیا گیا جبکہ اس سے قبل کراچی میں متحدہ لندن کی جانب سے چھوٹی سی سرگرمیوں پر ادارے متحرک ہوجاتے تھے اور متحدہ لندن کے روپوش کارکنوں کی گرفتاریاں عمل میں آجاتی تھیں اور ان کی جانب سے کی جانے والی چاکنگ کو چند گھنٹوں میں ہی مٹادیا جاتا تھا ۔ذریعے کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی سے قبل جب متحدہ لندن کے یوم تاسیس کے موقع پر سرگرمیاں کیں تو اس دوران ان کی سرگرمیوں کو نظر انداز کیا گیا اور متحدہ لندن نے شہر بھر میں ناصرف یوم تاسیس کی چاکنگ کی بلکہ مرکزی شاہراہوں پر الطاف حسین کی تصویر اور نام والے بینر لگائے جو کافی عرصے تک لگے رہے لیکن متحدہ لندن کے کارکنوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوا جس کے بعد عیدالاضحی کے موقع پر متحدہ لندن کے کارکنان نے شہر میں کھلی سرگرمیاں کیں۔ الطاف حسین کی جانب سے عید مبارک والے پوسٹر اور بینر لگائے اور کھلے عام الطاف حسین کی تصاویر والے شاپروں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا ۔ذریعے کا کہنا ہے کہ اس ساری سرگرمیوں کے بعد بھی اداروں کی جانب سے کسی قسم کا ایکشن نہ لینے پر متحدہ لندن کے کارکنوں نے شہر بھر میں الطاف حسین کی تصاویر والے بل بورڈز لگانے کی حکمت عملی بنائی ہے ۔ذریعے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے متحدہ لندن کے لائنز ایریا سیکٹر کے وارڈ 4 کی جانب سے گلی میں الطاف حسین کی تصاویر والا پہلا بل بورڈ لگادیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ماضی میں 1992 کے آپریشن کے بعد بھی جب متحدہ لندن فعال ہونا شروع ہوئی تھی تو اسی طرح مضافاتی علاقوں کی گلیوں میں الطاف حسین کی تصاویر والے بل بورڈز آویزاں کئے گئے تھے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ کراچی کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، سکھر، میرپور خاص، جھڈو میں بھی متحدہ لندن کے کارکنوں کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ متحدہ لندن کی قیادت کی جانب سے بھی کارکنوں کو یقین دہانیاں کرائی جارہی ہیں کہ وہ کراچی میں اپنی سرگرمیاں تیز کریں۔ جلد ہی متحدہ لندن کو کھل کر سیاسی سرگرمیاں کرنے کی اجازت مل جائے گی۔ دوسری جانب سرکاری اداروں کا دعویٰ ہے کہ متحدہ لندن کا جو کارکن کسی بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوگا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔