میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
قومی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ ‘ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے کسی کی منت سماجت نہ کی جائے ‘ وزیراعظم

قومی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ ‘ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے کسی کی منت سماجت نہ کی جائے ‘ وزیراعظم

ویب ڈیسک
بدھ, ۵ جولائی ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان، چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑیوں کو چمپئنز ٹرافی میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔نواز شریف نے کہا کہ پوری قوم کی طرح میری بھی خواہش تھی کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو دیکھوں اور ان سے ہاتھ ملاؤں یہی وجہ ہے کہ کھلاڑیوں کو وزیراعظم ہاؤس میں مدعو کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اصل ہیروز تو آپ لوگ ہیں، آپ وزیراعظم ہیں، ہم تو صرف نام کے وزیراعظم ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے چمپئنز ٹرافی فائنل کا پورا میچ دیکھا اور کھانا بھی وہیں کھایا جہاں ٹی وی لگا ہوا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بچپن کی یاد حاضرین سے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بچپن میں جب وہ گراؤنڈ میں کھیلنے جاتے تھے تو گراؤنڈ پر بڑے لڑکوں کی اجارہ داری ہوتی تھی اور ایک دن ان لڑکوں نے گراؤنڈ سے ہمیں باہرنکال دیا تھاجس پر اتنی تکلیف ہوئی تھی کہ اتنی تکلیف آج پاناما کیس اور جے آئی ٹی سے بھی نہیں ہوتی۔ وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور نجم سیٹھی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی ٹیم کی پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے منت سماجت نہ کریں، جو ٹیم اپنی مرضی سے آتی ہے آئے ورنہ نہ سہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھی کوئی عزت نفس ہے ایک دن آئے گا جب ساری ٹیمیں بھاگی بھاگی پاکستان آئیں گی۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی تقریب میں شریک ہوئے چمپئنز ٹرافی کے فاتح قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو ایک ایک کروڑ، مکی آرتھراور 4 معاون کوچز کو 50،50لاکھ، دیگر آفیشلز کو 25، 25لاکھ روپے انعام سے نوازا گیا۔ کاؤنٹی کرکٹ کے لیے انگلینڈ میں موجود پیسر محمد عامر تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ محمد عامر کا چیک پی سی بی کے مینیجر نے وصول کیا۔ کوچ مکی آرتھر و دیگر غیرملکی کوچز بھی اپنے اپنے ملک میں موجودگی کے سبب تقریب میں شریک نہیں ہوئے اور ان کے چیک بھی پی سی بی عہدے داران نے وصول کیے۔اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اظہرعلی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور وہاب ریاض کو وزیراعظم نے اعلان کردہ انعامی رقم کے چیک دیے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے چار سینئر کھلاڑیوں انضمام الحق، یونس خان، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کے لئے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بورڈ کا اعتماد حاصل رہا تو کھلاڑی آئندہ بھی بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں