جے آئی ٹی کا شہزادوں کی نگری جانا اچھی روایت نہیں، شاہ محمود
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں کرپٹ نظام کیخلاف آواز اٹھ رہی ہے۔سندھ میں نیب آرڈیننس کو ختم کرنا ڈاکٹرعاصم حسین ،شرجیل میمن اور منظور کاکا کو بچانے کی کوشش ہے، اس قانون کو ختم کرکے کرپشن کرنے والوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ ان کو کچھ نہیں کہا جائے گا، جے آئی ٹی نے شہزادوں کی نگری جاکر اچھی روایت قائم نہیں کی، اگر ایسی روایت پڑ گئی تو انصاف ناپید ہوجائے گا۔بلدیہ عظمیٰ کراچی ایم کیو ایم کے پاس ہے وہ جواب دے کہ شہر یوں کے گھروں کے سامنے کچرا کیوں پڑا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہارمنگل کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کراچی کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیے یہاں آیا ہوں، کراچی میں ضمنی انتخاب میں حکمران ایک طرف اور عوام دوسری طرف ہیں تحریک انصاف نے ایک ایسے شخص کو پی ایس 114پر ٹکٹ دیا ہے جس کا دامن بالکل صاف ہے۔