پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
شیئر کریں
وڈیشل مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی ہدایت کر دی۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت ہوئی، سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے کی، دوران سماعت اینٹی کرپشن کی جانب سے چودھری پرویز الہٰی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اینٹی کرپشن کی جانب سے کی گئی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور چودھری پرویز الہٰی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جس کے بعد اینٹی کرپشن کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ کو کیمپ جیل منتقل کر دیا ہے۔قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں اینٹی کرپشن کی جانب سے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو لاہور کچہری میں پیش کیا گیا، دوران سماعت اینٹی کرپشن کی جانب سے معزز جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا گیا۔اینٹی کرپشن نے اس حوالے سے موقف اپنایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کے ٹوئٹر اور فیس بک پر پیج ہیں، سیشن جج صاحب اس کیس کیلئے کسی اور جج کا انتخاب کریں۔