نواز شریف ، شہباز کی مخالفت کے باوجود وطن واپسی کیلئے تیار
شیئر کریں
(رانا خالد قمر) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے بھائی وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی مخالفت کے باوجود وطن واپسی کیلئے تیار۔ اس ماہ کے اختتام تک امریکی ڈاکٹر سے سفر کی اجازت ملنے کا امکان، اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے گرین سگنل پر جولائی میں واپس لوٹ آئیں گے۔ شہباز شریف سینیٹر اسحاق ڈار کو کابینہ میں شامل کرنے پر رضامند ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے وطن واپسی کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے، ان کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے، انہیں یقین ہے کہ ان کے امریکی معالج جون کے اختتام تک حتمی معائنے کے بعد انہیں سفر کرنے کی اجازت دے دیں گے، ان کی اجازت ملنے کے بعد وہ اگلے ماہ جولائی میں واپس آ سکتے ہیں، اگر انہوں نے جولائی میں واپسی کا فیصلہ کیا تو وہ وطن لوٹنے سے پہلے سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے علاوہ سعودی حکام سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد پاکستان آئیں گے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے قریبی عزیزوں اور رفقاء جن میں ان کے چھوٹے بھائی اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، صاحبزادے حسین نواز، بیٹی مریم نواز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار اور دیگر قریبی رشتہ داروں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انہیں فوری طور پر پاکستان آنے سے روکا ہے جبکہ دیگر عزیز و اقارب خصوصاً مریم نواز شریف نے انہیں فوراً واپسی کا مشورہ دیا ہے۔ فیملی کی اختلافی رائے کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ن لیگ کے اہم رہنماؤں سے پوچھا تو ن لیگی رہنماؤں کی اکثریت نے انہیں واپسی کا مشورہ دیا۔ بتایا گیا ہے کہ اب وہ اپنی اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے مشاورت کر رہے ہیں ان کے گرین سگنل پر جولائی میں واپس لوٹ سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف سینیٹر اسحاق ڈار کو کابینہ میں شامل کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر ملکی حالات اور سیاسی ماحول اسی طرح رہا تو نواز شریف یقینی طور پر جولائی میں پاکستان میں ہوں گے۔